
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے اسرائیلی اقدام کی شدید مذمت کے بعد، صومالیہ کی حکومت نے ایران کے اس برادرانہ موقف کا خیر مقدم کیا ہے۔ صومالیہ کی وزارتِ خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا، کہ ہم صومالیہ کی خودمختاری اور اتحاد کی حمایت کرنے پر ایران کے تہہ دل سے مشکور ہیں اور آپ کی قدر کرتے ہیں۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے صیہونی حکومت کے اس اقدام کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے صومالیہ کی علاقائی سالمیت پر براہِ راست حملہ قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل کا یہ قدم بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے، جس کا مقصد ایک اہم اسلامی ملک کو تقسیم کرنے کی سازش کو آگے بڑھانا ہے۔
اسماعیل بقائی نے وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی قومی خودمختاری، اتحاد اور سالمیت کے تحفظ کی ضرورت پر ایران کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی اقدام صیہونی حکومت کی اس وسیع تر پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت خطے کے ممالک کو غیر مستحکم کرنا اور بحرِ احمر اور براعظم افریقہ میں بدامنی کو ہوا دینا ہے۔
ایرانی ترجمان نے اس معاملے پر اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور افریقی یونین کے سخت موقف کی بھی بھرپور حمایت کی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی حکومت کی اس توسیع پسندانہ اور تخریبی کارروائی کو روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے۔
