اسرائیلی جارحیت میں ہر 15 منٹ میں1 بچہ شہید ہو رہا ہے

[]

مہر خبررساں ایجنسی نے عالمی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ این جی او ’’Save The Children‘‘ نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچے اس جنگ کا ایندھن بن رہے ہیں۔

سیو دی چلڈرن نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں اور ناکہ بندی کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان بھوک سے بلکتے معصوم بچوں کا ہو رہا ہے جن کا کسی تنازع میں کوئی لینا دینا نہیں۔

بچوں کی بہبود کی تنظیم نے رپورٹ میں بتایا کہ غزہ پر 11 دنوں کے فضائی حملوں میں ایک اندازے کے مطابق ایک ہزار سے زائد بچے زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہیں۔

سیو دی چلڈرن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت میں ہونے والی مجموعی طور پر شہید ہونے والوں میں ایک تہائی سے زائد بچے ہیں۔ ہر 15 منٹ میں ایک بچہ موت کے منہ میں چلاجاتا ہے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ راکٹس اور میزائلوں کی بوچھاڑ کو سہنے والے خوف زدہ بچے بھوک اور پیاس سے نڈھال ہیں۔ ان تک امداد نہیں پہنچ پارہی ہے اور پانی و خوراک کی شدید قلت ہے۔

خیال رہے کہ آج اقوام متحدہ نے بھی خبردار کیا کہ غزہ کے تمام اسپتالوں کے پاس بیک اپ جنریٹر چلانے کے لیے صرف 48 گھنٹے کا ایندھن بچا ہے، جس سے بچوں سمیت ہزاروں مریضوں کو فوری طور پر خطرہ لاحق ہے۔

غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی جارحیت اور ناکہ بندی کو آج 11 دن تک ہوگئے ہیں جس میں 3300 سے زائد فلسطینی شہید اور 1400 اسرائیلی مارے گئے جب کہ 10 لاکھ فلسطینیوں کو گھر بار چھوڑ کر جنوبی علاقے منتقل ہونا پڑا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *