[]
دبئی: آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ میں سنچریوں کی جھڑی نے بلے بازوں کی رینکنگ پر زبردست اثر ڈالا ہے۔ تازہ رینکنگ میں وراٹ کوہلی، کوئنٹن ڈی کاک اور ڈیوڈ ملان ٹاپ ٹین بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں کھیلے جارہے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے آٹھ میچوں میں دس سنچریاں لگ چکی ہیں۔ سری لنکا کے خلاف جنوبی افریقہ کے ڈی کاک کی دھماکہ خیز سنچری نے سلامی بلے باز کوایک درجہ ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچا دیاہے۔
آئی سی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں آسٹریلیا کے خلاف میچ پلٹنے والی 85 رنوں کی اننگ کے بعد ہندوستان کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی دو درجے ترقی کے ساتھ ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جب کہ بنگلہ دیش کے خلاف 140 رن کی میچ وننگ اننگ کھیلنے والے انگلینڈ کے سلامی بلے باز ملان سات درجے کی چھلانگ لگا کر اب آٹھویں نمبر پر ہیں۔
ملان اپنے کیریئر کی بہترین ریٹنگ 711 تک پہنچ گئے ہیں اور وہ کوہلی سے صرف چار پوائنٹس پیچھے ہیں جبکہ وہ پاکستان کے امام الحق سے چھ پوائنٹس آگے نکل آئے ہیں۔ امام تین درجے گر کر نویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ہندوستان کے کیپر بلے باز کے ایل راہل 15 درجے ترقی کر کے 19 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر ایڈن مارکرم 11 درجے ترقی کر کے 21 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
سری لنکا کے خلاف 10 اور نیدرلینڈ کے خلاف پانچ رنز بنانے والے پاکستانی کپتان بابر اعظم اس وقت ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر ہیں جب کہ شبھمن گل بیماری کے باعث باہر رہتے ہوئے بھی دوسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔
ٹاپ گیندبازوں نے بھی کرکٹ ورلڈ کپ میں فوری اثر ڈالا ہے۔ پچھلی رینکنگ میں محمد سراج کے ساتھ جگہ شیئرکرنے والے آسٹریلیائی فاسٹ باؤلر جوش ہیزل ووڈ اب آئی سی سی مردوں کی ون ڈے بولنگ رینکنگ میں سرفہرست ہیں۔
ہندوستان کے خلاف 3/38 وکٹ لینے کے بعد ہیزل ووڈ 669 سے 682 ریٹنگ پوائنٹس پر پہنچ گئے، جس میں روہت شرما اور شریاس آیئر کی ابتدائی وکٹیں بھی شامل تھیں۔
اسپنرز رویندرا جڈیجہ اور کلدیپ یادو کے دم پر ہندوستان نے وہ میچ چھ وکٹوں سے جیتاتھا، جنہوں نے آسٹریلیا کے بیٹنگ آرڈر کو توڑتے ہوئے انہیں 199 رنز تک محدود کرنے میں مدد کی تھی۔
سراج نے آسٹریلیا کے لیے مچل اسٹارک کا آخری وکٹ لیا اور 6.3 اوورز میں 1/26 کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، لیکن بولنگ رینکنگ میں پانچ پوائنٹس گر کر دوسرے نمبر پر آگئے۔
آسٹریلیا کے خلاف 42 رنزپر دو وکٹ لینے والے کلدیپ تین مقام کی ترقی کے ساتھ آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جب کہ جڈیجہ (3/28) کو 22 مقام کا فائدہ ہوا ہے، لیکن وہ اب بھی ٹاپ 40 گیند بازوں سے باہر ہیں۔
نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر ٹرینٹ بولٹ دو درجے ترقی کر کے تیسرے اور میٹ ہنری چار درجے ترقی کر کے پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن آئی سی سی مردوں کی ون ڈے آل راؤنڈر کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔ انہوں نے ورلڈ کپ کے پہلے دو میچوں میں چار وکٹیں حاصل کیں۔
مچل سینٹنر2/37 کے اسکور کے بعد ٹاپ 10 میں اوپر چڑھنے والے واحد آل راؤنڈر ہیں۔ انہیں انگلینڈ کے خلاف 5/59 کی اور تیز طرار ناٹ آؤٹ 36 رنوں کی اننگ کے ساتھ میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔