نئی دہلی: کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے شمالی ہندوستان کے کئی سیلاب متاثرہ ریاستوں کے لیے فوری طور پر خصوصی ریلیف پیکیج جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں حالیہ دنوں میں آنے والے شدید سیلاب اور بارش نے عوامی زندگی کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے اور ہزاروں خاندانوں کو بے گھر ہونا پڑا ہے۔
راہل گاندھی نے ایکس پر پوسٹ کے ذریعے وزیر اعظم نریندر مودی کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال نہایت تشویشناک ہے۔ ان کے مطابق پنجاب میں بارش اور ندیوں کے ابلنے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، جبکہ جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ بھی قدرتی آفات کی لپیٹ میں ہیں۔
