[]
حیدرآباد: تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی کی جانب سے 26 اراکین پر مشتمل سنٹرل کمیٹی کا اعلان کیا گیا۔ کمیٹی میں آندھرا پردیش، مہاراشٹرا، ٹاملناڈو، کرناٹک اور گوا کے زعفرانی جماعت کے قائدین کو شامل کیا گیا ہے۔
کمیٹی میں 8 مرکزی وزراء کو بھی جگہ دی گئی ہے۔ پارٹی کی جانب سے اس کمیٹی کو انتخابی مہم، امیدواروں کے حق میں رائے عامہ کو ہموار کرنا، جلسہ عام منعقد کرنا، جلسہ عام میں پارٹی کے قومی قائدین کی شرکت کو یقینی بنانے کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق پارٹی ہائی کمان نے کمیٹی کے اراکین کو اسمبلی انتخابات تک تلنگانہ میں قیام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پارٹی کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ تلنگانہ کو قطعیت دی جاچکی ہے۔
مودی یکم اکتوبر کو ضلع محبوب نگر اور 3 اکتوبر کو نظام آباد کا دورہ کریں گے اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ مووی، محبوب نگر سے ریاست میں انتخابی مہم کا عملاً آغاز کریں گے۔
پارٹی اس بار تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے اور بہر صورت کامیابی حاصل کرنے کیلئے ہی سنٹرل کمیٹی تشکیل دی گئی ہیں۔