دھنباد: جھارکھنڈ کے دھنباد ضلع میں ایک المناک حادثے میں کم از کم 9 مزدور غیر قانونی کوئلہ کان کے دھنسنے سے ہلاک ہو گئے، جب کہ کئی مزدوروں کے ابھی بھی اندر پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، یہ حادثہ باگھمارہ تھانہ حلقے کے بلاک 2 علاقے میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے کوئلے کی کانکنی کی جا رہی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق، منگل کی رات کان کی چھت دھنسنے سے مزدور ملبے میں دب گئے۔ اب تک 9 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جب کہ دیگر مزدوروں کی تلاش کے لیے راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ ہلاک شدگان کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔
