[]
پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں آج خاتون ریزرویشن بل پر بحث کے بعد ووٹنگ کا عمل انجام پایا، جب ووٹنگ کے نتائج سامنے آئے تو اس کی حمایت میں 215 ووٹ ڈالے گئے تھے، جبکہ اس کی مخالفت میں ایک بھی ووٹ نہیں پڑا
خاتون ریزرویشن بل (ناری شکتی وَندن ادھینیم) لوک سبھا کے بعد راجیہ سبھا میں بھی پاس ہو گیا ہے۔ ایوان بالا نے صد فیصد اتفاق کے ساتھ ’ناری شکتی وَندن ادھینیم‘ کو پاس کر دیا ہے۔ اس بل کی حمایت میں 215 ووٹ پڑے، جبکہ مخالفت میں ایک بھی ووٹ نہیں ڈالا گیا۔ اس ریزلٹ کا اعلان کرنے کے بعد راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے کہا کہ ’’یہ ایک اتفاق ہے کہ ہندو کیلنڈر کے مطابق آج پی ایم مودی کا یومِ پیدائش بھی ہے۔ میں انھیں اس کے لیے تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘‘
راجیہ سبھا میں خاتون ریزرویشن بل پر آٹومیٹیڈ ملٹی میڈیا ڈیوائس کے ذریعہ ووٹنگ کرائی گئی۔ کچھ اراکین پارلیمنٹ کا ووٹ ریکارڈ نہیں ہونے پر انھوں نے پرچیوں سے ووٹنگ کی۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے خاتون ریزرویشن بل پاس ہونے کے بعد اب اسے صدر جمہوریہ کے پاس دستخط کے لیے بھیجا جائے گا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی منظوری ملنے کے بعد یہ بل قانون کی شکل اختیار کر لے گا۔
راجیہ سبھا میں خاتون ریزرویشن بل پر ووٹنگ سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے ایوان میں ہوئی بحث کا جواب دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے بل پر مثبت بحث کی ہے۔ مستقبل میں اس بحث کا ایک ایک لفظ کام آنے والا ہے۔ ہر لفظ کی اپنی قدر ہے، اہمیت ہے۔‘‘ ساتھ ہی وزیر اعظم نے کہا کہ ’’قوت نسواں کو خصوصی احترام صرف بل سے نہیں مل رہا ہے۔ اس بل کے تئیں سبھی سیاسی پارٹیوں کی مثبت سوچ ہونا، یہ ہمارے ملک کی قوت نسواں کو نئی توانائی دے گا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;