[]
مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سپریم کورٹ کے 29 ویں چیف جسٹس بن گئے۔ ایوانِ صدر اسلام آباد میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قاضی فائز عیسیٰ سے چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اور نگراں وفاقی کابینہ کے ارکان بھی شریک ہوئے۔
قاضی فائز عیسیٰ نے 5 ستمبر 2014ء کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا، 2019ء میں صدارتی ریفرنس کے بعد سینئر ترین جج ہونے کے باوجود انہیں 3 سال سے کسی آئینی مقدمے کے بینچ میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
26 اکتوبر 1959ء کو کوئٹہ میں پیدا ہونے والے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے والد مرحوم قاضی محمد عیسیٰ آف پشین قیامِ پاکستان کی تحریک کے سرکردہ رہنما اور قائدِ اعظم محمد علی جناح کے قریبی ساتھی تھے۔ واضح رہے کہ 21 جون کو صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس پاکستان تعیناتی کی منظوری دی تھی۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس تعیناتی آئین کے آرٹیکل 175 اے 3 کے تحت کی ہے۔