
ممبئی: مہاراشٹر کے پونے ضلع کے ہنجے واڑی فیز ون میں آج صبح ایک ٹریول منی بس میں اچانک آگ لگنے سے چار افراد ہلاک اور آٹھ جھلس کر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر روبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
پولیس کے مطابق، ویوما گرافکس کمپنی کے 12 ملازمین صبح کے وقت مذکورہ بس میں کام پر جا رہے تھے۔ جب بس ہنجے واڑی فیز ون علاقے سے گزر رہی تھی تو اچانک اس کے انجن میں آگ لگ گئی۔ جیسے ہی آگ بھڑکی، بس کا ڈرائیور اور دیگر عملہ فوری طور پر سامنے والے دروازے سے نیچے اتر گیا، تاہم پچھلا دروازہ نہ کھلنے کی وجہ سے چار ملازمین بس کے اندر ہی پھنس گئے اور دم توڑ گئے۔
واقعہ کے بعد مقامی شہری موقع پر پہنچے اور کسی طرح بس میں پھنسے دیگر مسافروں کو باہر نکالا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ ہنجے واڑی پولیس اسٹیشن کی ٹیم معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔