ناگپور میں کشیدگی۔ مہاراشٹرا کے چیف منسٹر کی عوام سے اپیل

ممبئی ۔ ریاست مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڑنویس نے ناگپور کے محل علاقے میں پیش آنے والے کشیدہ حالات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد نے پولیس پر پتھراؤ کیا، جو بالکل ناقابل قبول ہے۔

 

فڑنویس نے کہا کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور پولیس کمشنر کو سخت اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ شہر میں امن و امان برقرار رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی بھی ہنگامہ آرائی میں ملوث پایا گیا، پولیس پر حملہ کیا، یا سماج میں تناؤ پیدا کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

چیف منسٹر نے عوام سے امن و امان قائم رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا “ہم سب کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ ناگپور میں حالات خراب نہ ہوں۔ جو لوگ جان بوجھ کر بدامنی پھیلانے کی کوشش کریں گے، ان کے خلاف کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔”

 

حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور پولیس کو مکمل اختیارات دے دیے گئے ہیں تاکہ ناگپور میں حالات قابو میں رہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *