‘ناسا’ خلا بازوں کی واپسی کو براہ راست نشر کرے گا۔ لائیو کوریج کی شروعات ڈریگن خلائی جہاز کے ہیچ بند کرنے کی تیاری سے ہوگی۔ نک ہیگ، روسکوسموس، الیکژاند گوربونوو بھی ڈریگن کیپسول سے واپس آئیں گے۔


کئی مہینوں کا انتظار ختم ہوا۔ خلا میں پھنسے سنیتا ولیمس اور بُچ ولمور کو واپس لانے کی تیاری تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ گزشتہ 9 مہینے سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) میں پھنسے دونوں خلا بازوں کو 18 مارچ کو زمین پر واپس لایا جائے گا۔ ‘ناسا’ نے دونوں کی واپسی کو لے کر اَپڈیٹ دیتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ ‘ناسا’ نے اتوار کی شام اپنے ایک بیان میں کہا کہ دونوں خلائی مسافر 18 مارچ (منگل) کو زمین پر واپسی کریں گے۔ ‘ناسا’ نے فلوریڈا کے ساحل پر دونوں خلا بازوں کے اترنے کی امید ظاہر کی ہے۔
خاص بات یہ ہے کہ ‘ناسا’ دونوں خلا بازوں کی واپسی کو براہ راست نشر کرنے جا رہا ہے۔ لائیو کوریج کی شروعات ڈریگن خلائی جہاز کے ہیچ بند کرنے کی تیاری سے ہوگی۔ ‘ناسا’ کے خلائی مسافر نک ہیگ اور روسکوسموس، روس کے خلائی مسافر الیکژاند گوربونوو بھی ڈریگن کیپسول سے واپس آئیں گے۔ معلوم ہو کہ جمعہ 14 مارچ کو اسپیس ایکس نے کرو-10 مشن لانچ کیا تھا۔ فالکن-9 راکیٹ سے کرو ڈریگن کیپسول کو لانچ کیا گیا تھا۔ ‘ناسا’ کے کمرشیل کرو پروگرام کے تحت آئی ایس ایس کے لیے یہ گیارہویں کرو فلائٹ ہے۔
حالانکہ سنیتا ولیمس اور بُچ ولمور کو مارچ کے آخر تک زمین پر واپس آنا تھا لیکن امریکی صدر ٹرمپ کے ذریعہ ایلون مسک سے انہیں جلدی واپس لانے کی گزارش کرنے کے بعد اس مشن میں تیزی لائی گئی۔ سنیتا اور ولمور گزشتہ سال 5 جون کو انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن گئے تھے۔ انہیں محض ایک ہفتے کے بعد زمین پر واپس لوٹنا تھا لیکن بوئنگ اسٹارلائنر میں گڑبڑی کی وجہ سے دونوں وہاں پھنس گئے۔ 9 مہینے سے زیادہ وقت سے دونوں وہاں پھنسے ہیں۔
ویسے خلا میں رہتے ہوئے سنیتا ولیمس نے کئی اہم تحقیقی تجربے کیے۔ انہوں نے 900 گھنٹوں سے زیادہ وقت ریسرچ میں گزارے۔ اپنے مشن کے دوران انہوں نے بوئنگ اسٹارلائنر کو اڑانے کا بھی کام کیا، جسے انہوں نے خود بنانے میں مدد کی تھی اور جو ‘ناسا’ کو 4٫2 ارب ڈالر میں پڑا۔ آئی ایس ایس میں انہوں نے کئی چیزوں کو بدلہ، صفائی کی اور بہت سا کچرا زمین پر واپس بھیجنے میں مدد کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔