تلنگانہ کے نظام آباد میں پولیس تحویل میں ایک گلف ایجنٹ کی مشتبہ موت – جگتیال میں چلاتا تھا کنسلٹنسی

تلنگانہ کے نظام آباد ضلع میں پولیس تحویل میں ایک ریمانڈ قیدی کی مشتبہ حالت میں موت ہوگئی ۔ متوفی کا تعلق پداپلی ضلع سے ہے اور اس کی موت پر اس کے گھر والوں نے شدید احتجاج کیا۔

 

مقتول کا نام سمپت تھا، جو کہ جگتیال میں ایک خلیجی ممالک روانہ کرنے کے لئے کنسلٹنسی چلاتا تھا۔ اطلاعات کے مطابق، سمپت نے روزگار کے لیے کچھ افراد کو گلف ممالک روانہ کیا تھا۔ تاہم، دبئی جانے والے ان میں سے کچھ افراد کو وہاں روزگار نہ ملا اور وہ مشکلات میں مبتلا ہوگئے اور وہ واپس آگئے ۔ متاثرین نے الزام لگایا کہ سمپت نے انہیں جان بوجھ کر جعلی ویزا کے ذریعے دھوکہ دیا تھا، جس پر انہوں نے حال ہی میں نظام آباد سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج کروائی تھی۔

 

اس شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے سمپت کو حراست میں لے کر ریمانڈ پر بھیج دیا۔ بعد ازاں دو دن کی پوچھ گچھ کے لیے اسے پولیس کسٹڈی میں لیا گیا۔ اسی دوران، آج صبح سمپت کی کسٹڈی میں موت ہوگئی، جس نے معاملے کو مزید سنگین بنا دیا۔

 

متوفی کے والدین اور رشتہ داروں نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے تشدد کے ذریعے سمپت کو ہلاک کیا ہے اور وہ انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے سرکاری اسپتال کے باہر احتجاج پر بیٹھ گئے۔

 

نظام آباد اے سی پی راجا وینکٹا ریڈی نے واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سمپت کی موت اسپتال میں ہی واقع ہوئی اور ڈاکٹروں نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سمپت۔کی موت کے سلسلے میں تین ڈاکٹروں کی ٹیم پوسٹ مارٹم کرے گی تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔

 

اسی دوران، پولیس نے سمپت کی مشتبہ موت کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حقائق جلد ہی عوام کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *