
واشنگٹن: امریکہ کے ڈینور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امریکن ایئرلائنز کے بوئنگ 737-800 طیارے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے مسافروں کو فوری طور پر باہر نکالا گیا۔ حادثے میں 12 افراد معمولی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یہ واقعہ جمعرات کی شام مقامی وقت کے مطابق 5:15 پر پیش آیا، جب کولوراڈو اسپرنگز سے ڈلاس جانے والی AA Flight 1006 کو دورانِ پرواز انجن میں خرابی کے باعث ڈینور ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔ لینڈنگ کے بعد جیسے ہی طیارہ گیٹ کی جانب بڑھا، اچانک اس کے انجن میں آگ لگ گئی، جس سے رن وے پر دھواں پھیل گیا اور ایئرپورٹ پر ہلچل مچ گئی۔
امریکن ایئرلائنز کے مطابق طیارے میں 172 مسافر اور 6 کریو ممبرز سوار تھے، جنہیں ایمرجنسی سلائیڈز، ونگ ایکزٹ اور جیٹ برج کے ذریعے بحفاظت نکال لیا گیا۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق تمام مسافر محفوظ رہے، جبکہ 12 افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔
فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی (FAA) نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔ امریکن ایئرلائنز نے فوری اور مؤثر ریسکیو آپریشن پر اپنے عملے، ایئرپورٹ ٹیم اور ہنگامی سروسز کا شکریہ ادا کیا ہے۔ کمپنی نے مسافروں کے لیے متبادل طیارے کا انتظام بھی کر دیا ہے، تاکہ وہ اپنی منزل پر بروقت پہنچ سکیں۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں طیارے کے انجن سے شعلے اور دھواں نکلتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ مسافروں کو جلدی سے طیارے سے باہر نکالا جا رہا ہے۔