مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ نے ترک سفارتکار کے غیرذمہ دارانہ بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
وزیر خارجہ عراقچی کے معاون محمود حیدری نے ترکی کے اعلی سفارتکار کے ایران کے بارے میں حالیہ بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ترکی کے سفیر کو خبردار کیا کہ غلط بیانات اور غیر حقیقت پسندانہ تجزیوں سے گریز کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور ترکی کے مشترکہ مفادات کا تقاضا یہ ہے کہ ایسے غلط بیانات سے گریز کیا جائے جو دو طرفہ تعلقات میں تناؤ پیدا کر سکتے ہیں۔
ایرانی عہدیدار نے کہا کہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور علاقے کے حساس حالات کی وجہ سے غلط بیانات اور غیر حقیقت پسندانہ تجزیوں سے بچنا ضروری ہے۔
حیدری نے مزید کہا کہ اہم اور بڑے اسلامی ممالک کو فلسطینی عوام اور دیگر علاقائی ممالک جیسے شام کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لانا چاہیے۔
اس موقع پر ترک سفیر نے کہا کہ ہمیں یہ بھی یقین ہے کہ خطے کے موجودہ حالات اور خطرات سے نمٹنے کے لیے دونوں ملکوں کو قریبی تعاون کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایرانی وزارت خارجہ کے موقف کو ترکی کی حکومت تک پہنچائیں گے۔