[]
بنگلورو: سابق چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی جو بروقت علاج کے سبب قلب پر حملہ میں صحتیاب ہوئے‘ نے آج کہا کہ یہ ان کی تیسری پیدائش ہے جس کے لئے وہ خدا اور ان کے معالج ڈاکٹروں کی ٹیم کے مشکور ہیں۔
جنتادل (ایس) کے نائب سربراہ نے کہاکہ انہیں ریاستی عوام کے درمیان زندگی گزارنے نئی زندگی ملی ہے۔ ہاسپٹل سے روانگی سے قبل انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قلب یا فالج کے حملے کی علامتوں کو معمولی نہ سمجھیں۔
گزشتہ 5 دن سے ان کے دوست احباب ان کی صحت سے متعلق فکر مند تھے۔ انہیں نئی زندگی ملی ہے‘ اسی لئے وہ آپ سے بات چیت کررہے ہیں۔
سابق چیف منسٹر نے کہا کہ جہاں تک ان کی صحت کا تعلق ہے‘ خدا نے انہیں نئی زندگی دی ہے۔ ان کی 64 سالہ زندگی میں یہ ان کی تیسری پیدائش ہے۔
کمارا سوامی کا 30 اگست کی اولین ساعتوں سے شہر کے نامور ہاسپٹل میں علاج شروع کیاگیا۔ ان کے معالج ڈاکٹروں نے کہاکہ ان کے قلب پر حملہ ہوا تھا جس کا مکمل علاج کیاگیا ہے۔