ایران میں مصنوعی ذہانت سے لیس 1000 کلومیٹر سے زیادہ رینج والے کروز میزائل تیار

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے سربراہ رئیر ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے آپریشن والفجر 8 کی یاد میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی مسلح افواج دشمن کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ سپاہ پاسداران انقلاب کی بحریہ ایرانی مسلح افواج کے ساتھ مل کر ملک کی سمندری حدود کی مکمل حفاظت کرے گی اور کسی بھی قسم کی دراندازی کو ناکام بنا دے گی۔

انہوں نے ایران کے جدید دفاعی ساز و سامان، بشمول میزائل، ڈرون، جنگی کشتیوں اور آبدوزوں کا ذکر کرتے ہوئے دشمنوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنی حرکات و سکنات کے بارے میں محتاط رہیں۔

ایڈمرل تنگسیری نے مزید کہا کہ خلیج فارس بین الاقوامی سمندر نہیں ہے اور چونکہ اس کی گہرائی 200 میٹر سے کم ہے لہذا اسے عالمی سمندر قرار نہیں دیا جا سکتا اس لیے غیر ملکی طاقتوں کو اس میں مداخلت کا کوئی حق حاصل نہیں۔

انہوں نے ایران پر عائد سخت پابندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پابندیاں ایران کی فوجی ترقی میں کوئی رکاوٹ نہیں بن سکیں، بلکہ ان کی بدولت ملک خودکفیل ہو گیا ہے اور اب اپنی دفاعی ضروریات کو خود پورا کررہا ہے۔

ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے اعلان کیا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے تیار کیے گئے کروز میزائل ایک ہزار کلومیٹر سے زیادہ فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یہ میزائل بلندیوں پر اہداف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بناسکتے ہیں۔

انہوں نے ایرانی عوام کی استقامت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران دشمنوں کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔ ہماری قوم، خدا پر بھروسہ اور قرآنی وعدوں کی روشنی میں آخری فتح حاصل کرے گی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *