ایران اور جنوبی افریقہ کے بڑھتے تعلقات، ٹرمپ کا غم و غصہ

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، امریکی صدر ٹرمپ نے جنوبی افریقہ اور ایران کے بڑھتے ہوئے تعلقات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ نے تجارتی، دفاعی اور جوہری تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایران کے ساتھ اپنے تعلقات دوبارہ استوار کرلیے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ جنوبی افریقہ کی حکومت ایسی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جو مساوی مواقع کے خاتمے کا سبب بن رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ نے بین الاقوامی فوجداری عدالت میں اسرائیل پر مقدمہ دائر کرکے نتن یاہو پر نسل کشی کا الزام عائد کیا ہے۔ جنوبی افریقہ کا یہ اقدام امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف معاندانہ رویہ اختیار کرنے کے مترادف ہے لہذا واشنگٹن اس کی حمایت نہیں کرسکتا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ جنوبی افریقہ کے اقدامات امریکی خارجہ پالیسی کو کمزور کرنے کی کوشش اور امریکہ کی قومی سلامتی اور مفادات کے لیے خطرہ ہیں۔

مبصرین کے مطابق صدر ٹرمپ کا یہ غصہ اس پس منظر میں سامنے آیا ہے کہ جنوبی افریقہ نے بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف مقدمہ دائر کیا، جس کے نتیجے میں اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوآو گالانت کے خلاف غزہ میں مبینہ نسل کشی پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *