کانگریس کو کمزور کرکے بی جے پی سے مقابلہ نہیں کیا جاسکتا: اجے ماکن

کانگریس کے سینئر رہنما اور پارٹی کے خزانچی  اجے ماکن نے دہلی اور ہریانہ اسمبلی انتخابات میں اتحاد نہ ہونے کے لیے عام آدمی پارٹی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ ویپن</p></div><div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ ویپن</p></div>

تصویر بشکریہ ویپن

user

سینئر کانگریس رہنما اجے ماکن نے 18 جنوری کو کہا کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کی ترقی سے بھارتیہ جنتا پارٹی کو فائدہ پہنچتا ہے اور کانگریس کو کمزور کرکے بی جے پی کا مقابلہ قومی سطح پر نہیں کیا جاسکتا۔ کوٹلہ روڈ پر واقع کانگریس کے نئے ہیڈکوارٹر میں اپنی پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے پہلے دئے ہوئے بیان پر آج بھی قائم ہیں ۔ انہوں نے پہلے کہا تھا کہ کیجریوال “ملک مخالف” ہیں اور دارالحکومت میں عآپ کی طاقت سے صرف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو فائدہ ہوگا۔ کیجریوال کے خلاف ان کے “ملک مخالف” بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر ماکن نے کہا، “میں نے اپنی ذاتی رائے دی تھی اور میں اب بھی اس پر قائم ہوں۔” واضح رہے ماکن  دہلی کے رہائشی اور سرگرم سیاست دان ہیں جو تین مرتبہ رکن اسمبلی  رہے ہیں اور دو بار لوک سبھا کے رکن رہے ہیں۔

ماکن نے کہا کہ 2013 میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کو کانگریس کی حمایت اور 2024 میں کیجریوال کی قیادت والی پارٹی کے ساتھ اس کے اتحاد کی وجہ سے دہلی کے لوگوں کو نقصان اٹھانا پڑا۔ “جب دہلی کے لوگوں کو نقصان ہوا تو بی جے پی کو اس کا فائدہ ہوا۔” اجے ماکن نے مزید  کہا، “میں یہ بھی محسوس کرتا ہوں کہ کانگریس کو 2013 میں عام آدمی پارٹی کی حمایت نہیں کرنی چاہئے تھی اور نہ ہی 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لئے کوئی اتحاد ہونا چاہئے تھا۔ لیکن یہ میری ذاتی رائے ہے،”

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا کانگریس مستقبل میں عآپ کے ساتھ اتحاد کرے گی، ماکن نے کہا، “مجھے لگتا ہے کہ دہلی میں کیجریوال کو فروغ دینے سے بی جے پی کو مدد ملتی ہے۔ بی جے پی سے لڑنے کے لیے کانگریس کے پاس مضبوط قومی بنیاد ہونا انتہائی ضروری ہے۔ ” انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر کانگریس جیسی قومی پارٹی قومی سطح پر مضبوط نہیں ہوگی تو بی جے پی کے خلاف لڑائی مشکل ہو جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس کو کمزور کرکے بی جے پی کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔

دہلی کو سیاسی طور پر ایک اہم ریاست قرار دیتے ہوئے ماکن نے کہا کہ یہ سب جانتے ہیں کہ راجدھانی میں جو بھی پارٹی لوک سبھا کی  سیٹیں جیتتی ہے، وہ مرکز میں حکومت بنانے میں کامیاب ہوتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ “اے اے پی دہلی میں بی جے پی کے خلاف لڑنے میں پوری طرح ناکام رہی ہے۔”

ماکن نے کہا کہ کانگریس ہریانہ اور دہلی دونوں میں عام آدمی پارٹی کے ساتھ اتحاد کرنا چاہتی ہے۔ لیکن جیل سے ضمانت پر باہر آنے کے فوراً بعد، کجریوال نے خود اعلان کیا کہ ان کی پارٹی ہریانہ کی تمام 90 اسمبلی سیٹوں پر الیکشن لڑے گی، جبکہ انہوں نے مزید کہا کہ “ہم اتحاد پر بات چیت کے ابتدائی مراحل میں تھے۔” انہوں نے کہا، “جہاں تک دہلی کا تعلق ہے، کجریوال نے خود لوک سبھا انتخابات کے فوراً بعد اعلان کیا تھا کہ وہ دہلی کے انتخابات اکیلے لڑیں گے۔”

ماکن نے کہا کہ جب کانگریس دہلی میں اقتدار میں تھی، جس کی قیادت  وزیر اعلی مرحوم شیلا دکشت کررہی تھیں، پارٹی نے دہلی کی تمام سات لوک سبھا سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور یہاں بی جے پی کو شکست دی تھی۔ انہوں نے کہا، “انہیں(بی جے پی) دہلی میں روک کر، ہم نے انہیں مرکز میں اقتدار میں آنے سے بھی روک دیا کیونکہ جو بھی دہلی میں لوک سبھا کی سیٹیں جیتتا ہے وہ قومی سطح پر حکومت بناتا ہے۔” ماکن نے سوال کیا کہ “لیکن جب سے عام آدمی پارٹی دہلی میں اقتدار میں آئی ہے، حالات بدل گئے ہیں۔ بی جے پی مرکز میں حکومت بنا رہی ہے کیونکہ اس نے تمام سات لوک سبھا سیٹیں جیت لی ہیں – پھر بی جے پی کے ساتھ کون ہے؟”

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *