ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) نے جمعرات کو ایک بار پھر سے تاریخ رقم کر دی ہے۔ اسرو نے اسپیڈیکس (اسپیس ڈاکنگ ایکسرسائز) مشن کے تحت دو سیٹیلائٹ کو کامیابی کے ساتھ ڈاک کرنے کا عمل پورا کر لیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان امریکہ، روس اور چین کے بعد یہ کارنامہ انجام دینے والا چوتھا ملک بن گیا ہے۔ اسرو کی اس کامیابی پر پورے ملک میں خوشی کی لہر ہے اور سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے مبارک باد دی ہے۔
‘اسرو’ نے اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے اسے تاریخی لمحہ بتایا۔ اسرو نے ‘ایکس’ پر لکھا “ہندوستان نے خلائی تاریخ میں اپنا نام درج کر لیا ہے۔ سو پربھات بھارت، اسرو کے اسیپڈیکس مشن نے ‘ڈاکنگ’ میں تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس لمحہ کا گواہ بن کر فخر محسوس ہو رہا ہے۔”