بی جے پی نے دہلی اسمبلی انتخابات 2025 کے لیے دوسری فہرست جاری کر دی ہے۔ جس میں 29 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں پانچ خواتین امیدواروں کو بھی ٹکٹ دیا گیا ہے۔
دہلی اسمبلی انتخابات میں ایک ماہ سے بھی کم کاوقت رہ ج گیا ہے ۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ہفتہ یعنی 11 جنوری کو دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے 29 امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کی ہے۔ واضح رہے اس فہرست میں 5 خواتین کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
عآپ کے سابق ایم ایل اے کپل مشرا، جو 2019 میں بی جے پی میں شامل ہوئے تھے، کو کراول نگر سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ مشرا کو وہاں کے رکن اسمبلی موہن سنگھ بشت کو ہٹا کر ٹکٹ دیا گیا ہے۔ وہیں دہلی کے سابق وزیر اعلی مدن لال کھورانہ کے بیٹے ہریش کھورانہ کو موتی نگر سے میدان میں اتارا گیا ہے۔
شکور بستی سے بی جے پی لیڈر کرنیل سنگھ کو ٹکٹ ملا ہے۔ وہ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے سابق وزیر ستیندر جین سے مقابلہ کریں گے۔ دچاون کلاں وارڈ سے بی جے پی کی کونسلر نیلم کرشنا پہلوان نجف گڑھ سے الیکشن لڑیں گی۔ یہ حلقہ سابق وزیر کیلاش گہلوت کا ہے، جو حال ہی میں بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔
بی جے پی کی دوسری فہرست میں 5 خواتین کو جگہ دی گئی ہے جس سے اب تک خواتین امیدواروں کی کل تعداد 7 ہوگئی ہے۔ اسے خواتین کو بااختیار بنانے کی سمت میں بی جے پی کا ایک قدم مانا جا رہا ہے۔ بی جے پی نے پہلی فہرست میں شالیمار باغ سے ریکھا گپتا کو ٹکٹ دیا ہے۔ جبکہ کماری رنکو کو سیما پوری (ایس سی) سے میدان میں اتارا گیا ہے۔
پہلی فہرست میں بی جے پی نے پرویش ورما، سابق ایم پی رمیش بدھوڑی اور کانگریس کے سابق لیڈر اور وزیر ارویندر سنگھ لولی کو شامل کیا تھا۔ بی جے پی نے نئی دہلی اسمبلی سیٹ سے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال کے خلاف پرویش ورما کو میدان میں اتارا ہے۔ وہیں، سابق ایم پی رمیش بدھوڑی کو کالکاجی سیٹ سے دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی کے خلاف میدان میں اتارا گیا ہے۔
کراول نگر سے کپل مشرا، نریلا سے راج کرن کھتری، تیمار پور سے سوریہ پرکاش کھتری، منڈکا سے گجیندر درال، کیراڑی سے بجرنگ شکلا، سلطان پور ماجرہ (ایس سی)سے کرم سنگھ کرما، شکور بستی سے کرنیل سنگھ، تری نگر سے تلک رام ،صدر بازار سے منوج کمار جندل، چاندنی چوک سے ستیش جین، مٹیا محل سے دیپتی اندورا، بلی ماران سے کمل بگڈی، موتی نگر سے ہریش کھرانہ، مادی پور (ایس سی) سے ارمیلا کیلاش گنگوال، ہری نگر سے شیام شرما، تلک نگر سے شویتا سینی، ، وکاسپوری سے ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ، اتم نگر سے پون شرما ، دوارکا سے پردیومرا راجپوت، مٹیالا سے سندیپ سہراوت، نجف گڑھ سے نیلم پہلوان، پالم سے کلدیپ سولنکی، راجندر نگر سے امنگ، کستوربا نگر سے نیرج بسویا، روہتاس بدھوڑی تغلق آباد سے، منیش چودھری اوکھلا سے، پرینکا گوتم کوڈلی (ایس سی) لکشمی نگر سے ابھے ورما اور سیلم پور سے انل گوڑ کو میدان میں اتارا گیا ہے۔
عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے دسمبر میں ہی تمام 70 سیٹوں کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا تھا۔ کانگریس نے اب تک 47 سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ اب تک بی جے پی نے 70 میں سے 58 سیٹوں کے لیے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ دہلی کی تمام 70 سیٹوں کے لیے 5 فروری کو ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی۔ نتائج 8 فروری کو آئیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔