کوٹائم (کیرالا): کیرالا بی جے پی قائد پی سی جارج کے خلاف مذہبی نفرت بھڑکانے کا کیس درج ہوا ہے۔ پولیس نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔ جارج پر الزام ہے کہ انہوں نے جاریہ ہفتہ ایک ٹی وی ڈسکشن کے دوران ایک اقلیتی فرقہ کے خلاف نفرت انگیز تقریر کی۔
پولیس نے مسلم یوتھ لیگ میونسپل کمیٹی کی شکایت پر جمعہ کے دن سینئر قائد کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔ اسی دوران بی جے پی نے جارج کے خلاف پولیس کیس کی سخت مذمت کی۔اس نے الزام عائد کیا کہ یہ ایل ڈی ایف حکومت کا سیاسی انتقام ہے۔
سینئر بی جے پی قائد اور انچارج کیرالا پرکاش جاودیکر نے الزام عائد کیا کہ سی پی آئی ایم زیرقیادت بایاں بازو حکومت نے حماس کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں بولا اور وہ پی ڈی ایف کے ماننے والوں کو اپنی صفوں میں شامل کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی جارج پہلے ہی وضاحت کرچکے ہیں کہ ان کی نیت انتہاپسندی کی مخالفت کرنے کی تھی کسی فرقہ کو نشانہ بنانے کی نہیں۔