سلطانپور کی عدالت میں بابا صاحب امبیڈکر کے خلاف توہین آمیز بیان دینے پر امت شاہ کے خلاف درخواست درج ہوئی ہے۔ عدالت نے معاملے کی سماعت کے لیے 15 جنوری کی تاریخ مقرر کی ہے
سلطانپور (اتر پردیش): بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے خلاف مبینہ توہین آمیز بیان پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف سلطانپور کی ایک خصوصی عدالت میں درخواست درج کی گئی ہے۔ یہ درخواست دھممور تھانہ علاقے کے بنکے پور سرَیا کے رہائشی رام کھیلاون نے دائر کی۔ معاملے کی سماعت کے لیے خصوصی ایم پی-ایم ایل اے عدالت کے جج شوبھم ورما نے 15 جنوری 2025 کی تاریخ مقرر کی ہے۔
رام کھیلاون نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا ہے کہ 17 دسمبر 2024 کو پارلیمنٹ میں امت شاہ نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے بارے میں ایسا بیان دیا جس سے ان کے اور کروڑوں لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ درخواست گزار نے کہا کہ جس شخصیت کے باعث امیت شاہ آج وزیر داخلہ کے منصب پر فائز ہیں، اسی شخصیت کے بارے میں غیر مناسب بیان دیا گیا۔ رام کھیلاون نے بتایا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کو کروڑوں مزدور اور غریب افراد اپنا رہنما اور دیوتا مانتے ہیں اور اس طرح کی بیان بازی سے ان کے دل کو گہرا دھچکہ لگا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل، جے پرکاش نے کہا کہ امت شاہ نے راجیہ سبھا میں ڈاکٹر امبیڈکر کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے، جس پر رام کھیلاون نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔ عدالت نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے اگلی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
رام کھیلاون نے عدالت کو مزید بتایا کہ 24 دسمبر 2024 کو بہوجن سماج پارٹی کے ارکان کے ساتھ وہ پولیس سپرنٹنڈنٹ کے دفتر گئے اور ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دی۔ ساتھ ہی انہوں نے رجسٹرڈ ڈاک کے ذریعے بھی درخواست بھیجی، مگر پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ پولیس کی خاموشی سے مایوس ہو کر اب انہوں نے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ اب عدالت میں 15 جنوری کو درخواست پر سماعت ہوگی، جس میں امت شاہ کے بیان پر قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔