نئی دہلی: سابق وزیر اعظم بھارت رتن اٹل بہاری واجپائی کے 100 ویں یوم پیدائش پر صدرجمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سمیت شکرگزار قوم نے آنجہانی لیڈر کو عاجزانہ خراج عقیدت پیش کیا۔
مسٹر واجپائی کی سمادھی ’سدیو اٹل‘ پر صدر جمہوریہ، نائب صدر، وزیر اعظم، لوک سبھا اسپیکر کے علاوہ سابق صدر رام ناتھ کووند، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر اور مرکزی وزیر جگت پرکاش نڈا، مرکزی وزیر امت شاہ، جیوترادتیہ سندھیا، ہردیپ سنگھ پوری، کرن رجیجو، اشونی ویشنو، پیوش گوئل، بھوپیندر یادو، ارجن رام میگھوال، آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو، بی جے پی کے جنرل سکریٹری ونود تاوڑے، ارون سنگھ اور پارٹی کے کئی عہدیداروں نے پھول چڑھائے۔
آنجہانی سابق وزیر اعظم کی گود لی ہوئی بیٹی نمیتا بھٹاچاریہ، داماد رنجن بھٹاچاریہ اور ان کی بیٹی، گوالیار سے آنے والے مسٹر واجپائی کے خاندان کے دیگر افراد نے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر بھجن گانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ صدر، نائب صدر اور وزیر اعظم نے گائک منڈلی کے اراکین سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
مسٹرواجپائی، جنہیں ہندوستانی سیاست میں اجاتاشترو کے نام سے جانا جاتا ہے، نے اپنے حیرت انگیز تقریری انداز سے کافی مقبولیت حاصل کی۔
وہ 25 دسمبر 1924 کو گوالیار میں ایک استاد پنڈت کرشن بہاری واجپائی کے خاندان میں پیدا ہوئے۔ وہ پہلی بار 1957 میں لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے اور پہلی بار 1984 میں گوالیار لوک سبھا سیٹ سے ہار گئے تھے۔
مسٹرواجپائی 1977 میں جنتا پارٹی کی حکومت میں وزیر خارجہ تھے۔
وہ 1996 میں 13 دن، 1998 میں 13 ماہ اور 1999 میں پوری مدت کار کے لیے وزیر اعظم رہے۔
مسٹر واجپائی نے خرابی صحت کی وجہ سے 2009 میں سیاست سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ ان کا انتقال 16 اگست 2018 کو ہوا۔