قاہرہ: غزہ کی پٹی پر تازہ اسرائیلی حملوں میں کم از کم 21 افراد جاں بحق اور 51 زخمی ہو گئے۔ یہ اطلاع غزہ کی پٹی کی وزارت صحت نے منگل کے روز دی۔
وزارت صحت نے کہا کہ “گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، اسرائیلی قابض فوج نے غزہ کی پٹی میں تین خاندانوں کا قتل عام کیا، جس میں 21 افراد جاں بحق اور 51 زخمی اسپتال میں داخل ہوئے۔”
وزارت نے کہا کہ مجموعی طور پر، 2023 میں تنازع شروع ہونے کے بعد سے غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد 45,338 ہو گئی ہے، جب کہ 107,000 سے زیادہ لوگ زخمی ہو چکے ہیں۔
7 اکتوبر 2023 کو غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر زبردست راکٹ حملہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ فلسطینی تحریک حماس کے جنگجوؤں نے سرحدی علاقوں میں گھس کر فوجیوں اور شہریوں پر فائرنگ کی اور یرغمال بنائے۔
اس کے جواب میں اسرائیلی دفاعی افواج نے غزہ میں جارحانہ آپریشن کا آغاز کیا اور انکلیو کی مکمل ناکہ بندی کا اعلان کیا جس کا سلسلہ تاہنوز جاری ہے۔