منگل کو فوج کی ایک گاڑی راستہ بھٹک جانے کی وجہ سے جموں و کشمیر کے پونچھ میں 300 فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ اس حادثہ میں 5 جوانوں کی موت ہو گئی اور کچھ دیگر زخمی بھی ہوئے۔ فوج نے حادثے کی تصدیق کر دی ہے
جموں و کشمیر میں ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں 5 فوجی جوانوں کی موت ہو گئی ہے۔ اس حادثہ میں کم از کم 10 جوان زخمی بھی ہو ئے ہیں جنھیں فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ دراصل منگل کو ایک فوجی گاڑی راستہ بھٹک جانے کی وجہ سے 300 فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ فوج کی جانب سے اس حادثے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ یہ حادثہ جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع کے بلنوئی میں پیش آیا ہے۔ پونچھ کا یہ علاقہ، جہاں فوجی جوان حادثے کا شکار ہوئے ہیں، ایل او سی کے پاس ہی پڑتا ہے۔
حادثے کے متعلق ذرائع سے ملی جانکاری کے مطابق فوج کی گاڑی جوانوں کو پوسٹ کی طرف لے جا رہی تھی۔ اسی درمیان گاڑی بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔ اطلاع ملنے کے ساتھ ہی فوج کی راحت اور بچاؤ ٹیم نے جائے وقوع پر پہنچ کر کھائی سے نکالنے کی کارروائی شروع کر دی۔ فوج کی جانب سے آفیشیل طور پر اب تک 5 جوانوں کے موت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ جائے وقوع پر ریسکیو آپریشن بڑے پیمانے پر جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ حادثے میں جو 10 فوجی جوان زخمی ہوئے ہیں ان میں سے کئی ایک ایسے ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے ایسا مانا جا رہا ہے کہ زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ جموں و کشمیر میں اسی طرح کا ایک اور حادثہ گزشتہ ماہ پیش آیا تھا۔ جس میں ایک فوجی جوان کی جان چلی گئی تھی جبکہ دیگر کئی زخمی ہو گئے تھے۔ یہ حادثہ 4 نومبر کو کالاکوٹ کے بڈوگ گاؤں کے پاس پیش آیا تھا۔
اس حادثہ کی خبر ملنے پر کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’پونچھ، جموں و کشمیر میں فوجی گاڑی کھائی میں گرنے سے کئی جوانوں کی شہادت کی خبر انتہائی تکلیف دہ ہے۔ ایشور آنجہانی روحوں کو سکون فراہم کرے۔ غمزدہ اہل خانہ کے تئیں میری ہمدردی۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’زخمی جوانوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتی ہوں۔ ہم سب شہید ہوئے جوانوں اور ان کے اہل خانہ کے ہمیشہ قرضدار رہیں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔