ایک انڈے سے 2 چوزے نکلے۔ تلنگانہ کے عادل آباد ضلع میں منفرد واقعہ

عادل آباد۔ ایک انڈے سے دو چوزے نکلنے کا منفرد واقعہ

 

عادل آباد۔ تلنگانہ ضلع عادل آباد کے بوتھ منڈل کے سونالہ گاؤں میں ایک منفرد اور حیرت انگیز واقعہ پیش آیا۔ مقامی شیخ توفیق جو مرغیوں کی پرورش کرتے ہیں، پیر کے دن انڈے جمع کر رہے تھے جب انھیں ایک غیر معمولی منظر نظر آیا۔ ایک انڈے سے دو چوزے نکلے، دونوں مکمل طور پر صحت مند بتائے گئے ہیں۔

 

 

یہ خبر گاؤں میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، اور آس پاس کے علاقوں سے لوگ ان چوزوں کو دیکھنے کے لیے جمع ہو گئے۔ یہ انوکھا واقعہ گاؤں والوں کے لیے ایک دلچسپ موضوع بن گیا اور ہر طرف اس کی چرچا ہونے لگی۔

 

اس غیر معمولی واقعہ پر روشنی ڈالنے کے لیے جب سونالہ کے انچارج ویٹرنری ڈاکٹر سشیل کمار سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ یہ ایک جینیاتی نقص کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ انھوں نے کہا:  “یہ ایک نایاب واقعہ ہے، جو جینیاتی تبدیلیوں یا انڈے کی نشوونما کے دوران کسی غیر معمولی عمل کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ دونوں چوزے صحت مند ہیں۔

 

ویٹرنری ماہرین کے مطابق، مرغیوں میں ایسا ہونا بہت نایاب ہے۔ عموماً ایک انڈے سے ایک ہی چوزہ پیدا ہوتا ہے لیکن بعض اوقات جینیاتی نقص یا دیگر حیاتیاتی عوامل کے باعث ایک انڈے میں دو چوزے پرورش پا سکتے ہیں۔ یہ واقعہ نہ صرف گاؤں بلکہ آس پاس کے علاقوں میں بھی موضوع بحث بن گیا ہے۔ لوگ حیرت اور دلچسپی سے ان چوزوں کو دیکھنے آ رہے ہیں۔

 

سوشل میڈیا پر بھی اس واقعہ کے چرچے ہو رہے ہیں اور لوگ اسے قدرت کا کرشمہ قرار دے رہے ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *