اقتدار میں آنے پر حکومت فروخت کردہ اراضیات کا جائزہ لے گی:ریونت ریڈی

[]

حیدر آباد: صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے کہا کہ ریاست میں کانگریس برسر اقتدار آنے پر بی آر ایس حکومت کی جانب سے فروخت کردہ اراضیات سے متعلق اُمور کا ازسر نو جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر خاندان نے نہ صرف لاکھوں کروڑوں کی بدعنوانیاں کی ہے بلکہ شہر کے اطراف 10 ہزار ایکر سرکاری اراضیات پر قبضہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے سی آر انتخابات میں ٹی آر ایس کی شکست کے خوف سے کسانوں کے قرض معافی، سرکاری جائیدادوں پر تقررات کے لئے اعلامیہ کی اجرائی، بے گھر افراد کو ڈبل مکانات تقسیم کرنے کے اقدامات کررہے ہیں۔ یہ سب کانگریس پارٹی کی کامیابی ہے۔

 ریونت ریڈی آج گاندھی بھون میں یوم آزادی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے بی جے پی کو برٹش جنتا پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ملک میں عوام کو مذہب کے نام پر تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

 مودی حکومت نے 9 سال کے عرصہ میں معاشی، صنعتی، اقتصادی اور زرعی ترقی کو تباہ و برباد کردیا ہے۔ آج ملک میں بے روزگاری عروج پر ہے۔ ملک میں فی کس آمدنی کی شرح میں زبردست کمی آئی ہے۔ کسان، مزدور اور نوجوان پریشان ہیں۔

 گیاس سلینڈر، پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ سے عام آدمی پریشان ہے۔ کانگریس برسر اقتدار آنے پر کسانوں کے 2 لاکھ روپے قرض کی معافی، 2 لاکھ بے روزگار نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی، 5 لاکھ روپے مکانات کی تعمیر کے لئے فراہمی، راجیو آروگیہ شری کے تحت 5 لاکھ روپیوں کے علاج کی سہولت، 500 روپے میں پکوان گیاس سلینڈر، بے گھر افراد کو اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت مکانات کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔

 جنگ آزادی کے شہیدوں اور مجاہدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ جنگ آزادی میں لاکھوں مجاہدین نے اپنی جانوں کو قربان کردیا ہے۔ پنڈت نہرو ملک کو تعلیمی و صحت، معاشی، زرعی، اقتصادی، سائنسی اور دفاعی شعبے کو ترقی دینے میں اہم رول ادا کیا ہے۔

ہم اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کی قربانیوں کو بھی نہیں بھلا سکتے جنہوں نے ملک کے اتحاد و سالمیت کے لئے اپنی جانوں کو قربان کردیا۔ ریونت ریڈی نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ انتخابات میں کانگریس کو کامیابی کے لئے آج سے سرگرم ہوجائیں۔

 اس تقریب میں کارگزار صدر، محمد اظہر الدین، نائب صدر جی نرنجن، انجن کمار یادو، مہیش کمار گوڑ، انچارج اے آئی سی سی مانک راؤ ٹھاکرے، چیرمین مائناریٹی ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل، کانگریس ترجمان سید نظام الدین، راملو نائیک سابق ایم ایل سی، عثمان الہاجری،

سابق سکریٹریز اعجاز خان، سید شاہ مجاہد حسینی، محمد امتیاز، سابق کارپوریٹر محمد واجد حسین، سید مجتبیٰ عابدی، موسیٰ قاسم و دیگر اقلیتی قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں ریونت ریڈی نے قومی پرچم لہرایا اور سلامی دی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *