تلنگانہ کی تہذیب وثقافت کے تحفظ کےلئے ایک اور تحریک ناگزیر
عوام متحدہ طور پر کانگریس حکومت کی مذموم سازشوں کو ناکام بنائیں
بی آرایس اور تلنگانہ جاگروتی این آرآئی ونگ کے زیر اہتمام آن لائن اجلاس۔کے کویتا کا خطاب
حیدرآباد22/ ڈسمبر (اردو لیکس)رکن قانون ساز کونسل بی آرایس کلواکنٹلہ کویتا نے کانگریس حکومت پر تلنگانہ کے وجود اور تہذیب وثقافت پر حملہ کا الزام عائد کیا اور کہاکہ تلنگانہ کے عوام متحدہ طور پر کانگریس حکومت کی مذموم سازشوں کو ناکام بنائیں۔کویتا نے کہاکہ کانگریس حکومت نے تلنگانہ کی ثقافت ‘تہواروں اور خواتین کی توہین کی ہے۔
انہوں نے تلنگانہ تلی کو سب کی ماں قراردیتے ہوئے اس کے تحفظ کی اپیل کی۔کے کویتا بی آرایس اور تلنگانہ جاگروتی این آرآئی ونگ کے زیراہتمام منعقدہ ایک آن لائن اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ جس میں مختلف ممالک میں مقیم تلنگانہ کے این آرآئیز نے شرکت کی۔
کلواکنٹلہ کویتا نے کہاکہ تحریک تلنگانہ میں این آرآئیز کا کردار ناقابل فراموش رہاہے۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ تلی نے تحریک کے دوران عوام کے عزم وحوصلہ میں اضافہ کیاتاہم آج تلنگانہ تلی کے وجود کو خطرہ لاحق ہوگیاہے۔تلنگانہ تلی کی توہین پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کویتا نے کہاکہ کانگریس حکومت نے تلنگانہ تلی کے مجسمہ کی تبدیلی کے ذریعہ عوامی جذبات اور احساسات کو مجرو ح کیاہے۔
کویتا نے استفسار کیاکہ نئی مورتی کی تنصیب کے معاملہ میں تلنگانہ عوام سے مشاورت کیوں نہیں کی گئی؟آخر یہ سب کچھ کیوں پوشیدہ طورپر کیاگیا۔رکن قانون ساز کونسل بی آرایس نے کہاکہ بتکماں تہوار تلنگانہ کی تہذیب وثقافت کا حصہ ہے۔بتکماں کے بغیر تلنگانہ کا تصور ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کے عوام کو ایک مرتبہ پھر اپنی تہذیب وثقافت اور تلنگانہ تلی کے تحفظ کےلئے تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر این آرآئی لیڈرس نے کلواکنٹلہ کویتا کی ستائش کی اور کہاکہ بتکماں کو عالمی سطح پر مقبول بنانے اور پہچان دلانے میں کویتا کی نمایاں کوششیں رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کانگریس حکومت کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کےلئے وہ بھی بھر پور تعاون کریں گے۔ تلنگانہ کی تہذیب وثقافت اور روایات کے تحفظ کےلئے مختلف عالمی فورمس میں آواز اٹھائی جائے گی
۔این آرآئیز نے تلنگانہ کی تہذیب وثقافت کے تحفظ کےلئے اپنی مکمل تائید وحمایت کا یقین دلایا۔اجلاس میں فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے سابق صدرنشین انیل ‘تلنگانہ جاگروتی کے ریاستی لیڈر نوین ‘مختلف ممالک کے بی آرایس وجاگروتی لیڈرس جیوتی ‘نوین ریڈی‘ناگیندرریڈی اور دوسرے موجود تھے۔