سنبھل(یوپی): چنڈوسی کے لکشمن گنج علاقہ میں کھدائی کے دوران 125 تا 150 سال پرانی 4ہزار مربع میٹر رقبہ پر سیڑھیوں والی ایک باؤلی برآمد ہوئی ہے۔ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ کھدائی کا کام ہفتہ کے دن شروع ہوا تھا۔ 13 دسمبر کو سنبھل میں بھسم شنکر مندر کو دوبارہ کھولے جانے کے بعد یہ کھدائی ہوئی۔
یہ مندر 46سال بند پڑا رہا۔ سنبھل کے ضلع مجسٹریٹ (کلکٹر) راجندر پینسیا نے کہا کہ محکمہ آثار قدیمہ کے ذریعہ سروے کرانے پر غور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ یہ مقام سابق میں ایک تالاب کے طور پر رجسٹرڈ ہے۔
باؤلی کی بالائی منزل اینٹوں کی بنی ہوئی ہے اور جبکہ دوسری اور تیسری منزلیں سنگ مرمر کی ہیں۔ اِس اسٹرکچر میں 4کمرے اورایک باؤلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 210مربع میٹر کی کھدائی مکمل ہوچکی ہے۔ کھدائی جاری رہے گی۔