وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی کا سندھیا تھیٹر واقعہ پر اظہار خیال آلو ارجن پشپا فلم کے ہیرو کی گرفتاری حق با جانب
حیدرآباد 21 دسبمر ( سفیرِ نیوز) وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے سندھیا تھیٹر کے حالیہ المناک واقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تھیٹر کے اندر اور باہر جانے کا صرف ایک ہی راستہ ہونے کی وجہ سے پولیس نے کسی مشہور شخصیت کو وہاں آنے کی اجازت نہیں دی، کیونکہ اس سے حالات قابو سے باہر ہو سکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اجازت نہ ملنے کے باوجود پشپا فلم کے ہیرو تھیٹر پہنچے۔ اگر وہ صرف فلم دیکھنے آتے تو کسی کو کوئی اعتراض نہ ہوتا، لیکن انہوں نے سڑک پر گاڑی کا روف ٹاپ کھول کر روڈ شو کیا، جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔
اس وقت قریبی تھیٹروں سے عوام سندھیا تھیٹر کی طرف جمع ہو گئے۔ اس بھگدڑ میں ماں ریوتی جاں بحق ہو گئیں، اور ان کا بیٹا شدید زخمی ہو کر کوما میں چلا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماں کا اپنے بچے کے لیے پیار ایسا ہی ہوتا ہے؛ وہ اپنے بیٹے کا ہاتھ پکڑے ہوئے ہی چل بسی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جیسے ہی ایکٹر تھیٹر کے اندر پہنچے، وہاں بھی بھگدڑ مچ گئی۔ پولیس افسران نے کئی بار ایکٹر سے امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تھیٹر سے نکلنے کی درخواست کی، لیکن انکار پر مجبوراً ڈی سی پی نے سخت وارننگ دی کہ اگر وہ نہ گئے تو گرفتار کیا جائے گا۔
اس کے باوجود، جاتے ہوئے بھی وہ گاڑی کا روف ٹاپ کھول کر واپس روڈ شو کرتے رہے۔ پولیس نے اس غیر ذمہ دارانہ حرکت کے خلاف ہیرو اور تھیٹر انتظامیہ پر مقدمہ درج کر لیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس نے اپنی ذمہ داری نبھائی، لیکن کچھ سیاسی جماعتوں نے اس واقعے کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندان نے 12,000 روپے خرچ کر کے فلم دیکھنے کے لیے ٹکٹ خریدے تھے، لیکن حادثے کے بعد نہ تو ہیرو متاثرہ خاندان سے ملے اور نہ ہی ان کے نقصان کا کوئی احساس ظاہر کیا۔
وزیراعلیٰ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب ذمہ داروں کو تھانے بلایا گیا تو کچھ افراد نے حکومت پر غیر مناسب زبان استعمال کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈاکٹر امبیڈکر کے آئین کے تحت کام کر رہی ہے اور عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔
انہوں نے فلمی شخصیات سے سوال کیا کہ کیا ان میں سے کسی نے مقتول خاتون کے اہل خانہ سے ملاقات کی؟ انہوں نے سخت لہجے میں کہا کہ کاروبار کریں، لیکن عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنا ناقابل قبول ہے۔
“ہماری حکومت ایسے غیر انسانی اور غیر ذمہ دارانہ رویوں کو برداشت نہیں کرے گی۔”