[]
حیدرآباد: چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی،ریاستی وزرا نے شخصی طورپرگروکل اوراقامتی اسکولس وہاسٹلس کا دورہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا۔وہاں انہوں نے طلبہ کے ساتھ لنچ کیااوران سے تفصیلات حاصل کیں۔
وزیراعلی ریونت ریڈی نے زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ گروکل تعلیمی اداروں کو کئی جہتی صلاحیتوں کے مراکز کے طور پر تسلیم کرانے کا ہدف ہونا چاہئے۔انہوں نے رنگا ریڈی ضلع کے چلکور میں گروکل اسکول کا دورہ کیا اور وہاں گروکل اداروں اور فلاحی ہاسٹل میں کامن ڈائٹ (مشترکہ خوراکی نظام) کا افتتاح کیا۔
انہوں نے کہاکہ بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتی گروکل اداروں اور ہاسٹلس میں ایک جیسا مینو نافذ کیا جا رہا ہے۔ ریاستی حکومت نے ڈائٹ چارجس میں اضافہ کے مطابق نیا مینو تیار کیا ہے۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گروکل اداروں کا نظام پی وی نرسمہا راؤ کے دور میں شروع کیا گیا تھا۔
انہوں نے حالیہ دنوں میں ڈائٹ چارجس میں اضافہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے گروکل اداروں کی بقا کے لیے اس پروگرام کو کافی اہمیت دی ہے۔ ان اداروں کے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات مؤثر ہیں۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے صدرنشین بی وینکٹیشم اور سابق ڈی جی پی مہندر ریڈی بھی ایک وقت میں گروکل کے طلبہ تھے۔
ان اداروں سے تعلیم حاصل کرکے کئی افراداعلیٰ منصب تک پہنچے۔ پرائیویٹ اسکولوں کے آغاز کے بعد ان اداروں کی اہمیت میں کمی آئی، لیکن حکومت ان کی بحالی کے لئے مخلص ہے۔ گذشتہ 10 سالوں میں برسر اقتدار حکومت نے ڈائٹ چارجس نہیں بڑھائے تھے، لیکن ہماری حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد انہیں 40 فیصد تک بڑھایا ہے۔ 16 سالوں میں کاسمیٹک چارجس میں اضافہ نہیں ہوا تھا، لیکن ہم نے انہیں 200 فیصد تک بڑھایا ہے۔ یہ ایک تاریخی قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالی مسائل کے باعث والدین اپنے بچوں کو ہاسٹلوں میں بھیجتے ہیں۔والدین ہمیں اعتماد کے ساتھ بچوں کو سونپتے ہیں۔ طلبہ کی اموات پر حکومت اور عملے کو خود احتسابی کرنی ہوگی اور ایسی ناگہانی صورتحال کو دوبارہ ہونے سے روکنے کے اقدامات کرنے ہوں گے۔
ہر مہینے کی 10 تاریخ تک تمام تعلیمی اداروں کو گرین چینل کے ذریعہ فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ریاست بھر میں وزراء نے مختلف گروکل اداروں کا دورہ کیا۔ کھمم ضلع کے بونکل اسکول میں کامن ڈائٹ مینو کا افتتاح نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرم مارکا نے کیا۔
وزیر پونم پربھاکر نے شیخ پیٹ گروکل اسکول کا دورہ کیا اور کلاس رومس میں ڈیجیٹل بورڈ کے کام کا جائزہ لیا۔ وزیر اُتم کمار ریڈی نے سکندرآباد کے مہندرا ہلز گروکل اسکول میں طلبہ کے ساتھ کھانا کھایا اور تعلیمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
بھدرادری ضلع کے دماپیٹ منڈل کے گنڈو گلاپلی میں وزیر ناگیشور راؤ نے گروکل اسکول کا معائنہ کیا اور ایکلوَیا اسکول کے طلبہ کے ساتھ ناشتہ کیا۔ کھمم ضلع کے تروملایاپالم منڈل کے مادری پور میں وزیر پی سرینواس ریڈی نے سرکاری رہائشی ہاسٹل کا معائنہ کیا۔