آر بی آئی کو بم سے اڑانے کی دھمکی، روسی زبان میں ای میل موصول

[]

ممبئی: ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کو روسی زبان میں ای میل کے ذریعے بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے۔ اس کے بعد ممبئی پولیس نے چوکسی بڑھا دی ہے اور تمام سیکورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر ہیں۔

عہدیدار نے جمعہ کو یہاں کہا کہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو کم کرنے کے لئے آر بی آئی کے دفاتر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔

روسی زبان میں لکھا گیا یہ میل جمعرات کی سہ پہر آر بی آئی کی سرکاری ویب سائٹ پر بھیجا گیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں اس طرح کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے 16 نومبر کو آر بی آئی کے کسٹمر کیئر نمبر کے ذریعے بم کی دھمکی دی گئی تھی۔

 اس معاملے میں کال کرنے والے نے دعویٰ کیا کہ وہ لشکر طیبہ کا چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) ہے، جو 2008 کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کا ذمہ دار دہشت گرد گروپ ہے۔ اس وقت دھمکی دینے سے پہلے کال کرنے والے نے مبینہ طور پر ایک گانا بھی گایا تھا۔

اس سلسلے میں ممبئی پولیس نے ماتا رمابائی امبیڈکر (ایم آر اے) مارگ پولیس اسٹیشن میں نامعلوم بھیجنے والے کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ بھیجنے والے کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *