[]
حیدرآباد: ریاستی ہائی کورٹ نے آج تلنگانہ میں وی آر ایز کے ایڈجسٹمنٹ کے مسئلہ پر حکومت کو ہدایات جاری کرتے ہوئے وی آر ایز کے ایڈجسٹمنٹ کے عمل پر روک لگادی۔
عدالت العالیہ نے وی آر ایز کی دوسرے محکموں میں منتقلی کے عمل کوبھی معطل کردیا۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے حکومت کوحکم دیا کہ وہ 24 جولائی 2023 سے قبل کا موقف جوں کاتوں برقرار رکھے۔
حکومت نے وی آرایز کے ایڈجسٹمنٹ کیلئے اضافی جائیدادوں کی تخلیق کی تھی تاہم عدالت نے اضافی جائیدادوں کی تخلیق سے قبل 24 جولائی کے موقف کو جوں کا توں برقراررکھنے کا حکم دیا ہے۔ چند وی آرایز کی جانب سے داخل کردہ عرضی پر ہائی کورٹ نے یہ احکام جاری کئے۔
ان وی آر ایز نے عدالت کوبتایا کہ انہیں محکمہ ریونیو میں خدمات جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔انہوں نے کہاکہ وی آرایز کے ایڈجسٹمنٹ کاعمل موجودہ قوانین وقواعد کے برخلاف انجام دیا جارہاہے۔
ہائی کورٹ نے درخواست گزاروں کے وکیل کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے یہ عبوری احکام جاری کئے۔
عدالت العالیہ نے درخواست گزاروں پر زور دیا کہ اس کیس کے مدعی علیہان کی فہرست سے چیف منسٹر کے سی آر اور الیکشن کمیشن کا نام خارج کردیں۔عدالت نے حکومت کوجواب داخل کرنے کاحکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت چندہفتوں تک ملتوی کردی۔