[]
امراوتی: آندھرا پردیش بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن(اے پی بی آئی ای) نے جمعہ کے روز انٹر میڈیٹ سال اول اور سال دوم (11ویں اور 12ویں جماعت) کے نتائج کا اعلان کیا۔بورڈ نے اعلان کیا کہ سال اول میں 67فیصدامیدوارکامیاب ہوئے ہیں جبکہ سال دوم میں 78فیصد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔
اے پی بی آئی اے کمشنر سوربھ گور نے انٹر میڈیٹ امتحانات کے نتائج جاری کئے۔گزشتہ ماہ منعقدہ (جنرل اورووکیشنل کورسس کے)امتحانات میں زائد از 10لاکھ طلبہ نے شرکت کی تھی۔سال اول کے امتحان میں مجموعی طور پر 4,61,273امیدواروں نے شرکت کی تھی جن کے منجملہ3,10,875 امیدوار کامیاب ہوئے۔
سال دوم کے جنرل امتحانات میں 3,93,757امیدواروں نے شرکت کی تھی جن کے منجملہ3,06,528 امیدوار کامیاب ہوئے۔دونوں سال کے امتحانات میں لڑکیوں نے لڑکوں پر سبقت حاصل کی سال اول میں 71 فیصدلڑکیاں کامیاب ہوئیں جبکہ64 فیصدلڑکوں نے کامیابی حاصل کی۔
سال دوم میں 81فیصد لڑکیاں کامیاب رہیں جبکہ صرف75فیصد کامیاب ہوسکے۔ سال اول کے نتائج میں ضلع کرشنا84فیصد نتائج کے ساتھ سرفہرست رہا۔81 فیصد ساتھ گنٹور2نمبر پر رہا جبکہ79فیصد کامیابی کے ساتھ ضلع این ٹی آر کو تیسرا مقام حاصل ہوا۔
ضلع الوری سیتا راماراجو آخری نمبر پر رہا جہاں صرف 48فیصد طلبہ نے کامیابی حاصل کی۔سال دوم میں 90فیصد نتائج کے ساتھ ضلع کرشنا ریاست بھر میں سرفہرست رہا۔ضلع گنٹور اورضلع این ٹی آر 87فیصد نتائج کے ساتھ دوسرے مقام پر رہے۔
ضلع وشاکھا پٹنم84 فیصد نتائج کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ضلع چتور کا نتیجہ صرف63فیصد رہا۔امیدوار18 اور24اپریل کے دوران نشانات کی دوبارہ گنتی اور پرچہ جات کی دوبارہ تنقیح کے لئے درخواست داخلہ کرسکیں گے۔
سپلیمنٹری امتحانات 24مئی تا یکم جون منعقد ہوں گے۔اے پی بی آئی اے کمشنر نے ناکام امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ مایوس نہ ہوں اور سپلیمنٹری امتحانات کیلئے بہتر تیاری کریں۔انہوں نے والدین سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی بھر پور مدد کریں۔