[]
اسلام آباد: پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ میں اتوار کو ایک المناک حادثہ پیش آیا جب ایک مسافر ٹرین کی کم از کم 10 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جس کے نتیجے میں حکومت اور پولیس حکام کے مطابق، کم از کم 30 افراد ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہوئے۔
اتوار کو کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی 10بوگیاں سانگھڑ میں سرہاری کے مقام پرپٹری سے اترگئیں جس کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے۔
سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے مقامی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام کو ریلیف اور ریسکیو کی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت دی ۔مسٹرشاہ نے بتایا کہ شدید زخمی افراد کو بہتر طبی علاج کے لیے جنوبی بندرگاہی شہر کراچی منتقل کیا جائے گا۔
ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیوں کوٹریک سے ہٹا دیا گیا جس کے بعد ڈاؤن ٹریک کو بحال کر دیا گیا ہے اور مختلف اسٹیشنز پر روکی گئی ٹرینیں کراچی کیلئے روانہ ہوگئی ہیں۔
البتہ اپ ٹریک اب بھی بند ہے جس کی بحالی کا کام جاری ہے۔ریلوے حکام کے مطابق پنڈی سے کراچی آنے والی گرین لائن کو روانہ کردیا گیا ہے، ہزارہ ایکسپریس حادثے کے بعد گرین لائن کو نواب شاہ اسٹیشن روکا گیا تھا۔اس کے علاوہ حویلیاں سے کراچی جانے والی ہزارہ ایکسپریس بھی روانہ کردی گئی ہے۔
جائے حادثہ پر ریسکیو ٹیمیں، پاک فوج اور پاکستان ریلوے کے اہلکار امدادی کارروائیوں کے لیے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔ پھنسے ہوئے مسافروں کو بچانے میں مقامی رضاکاروں نے بھی نمایاں رول ادا کیا۔