غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر تیسری بار حملہ، متعدد شہید

[]

غزہ: اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر ایک ہفتے میں تیسرا بار حملہ کیا گیا، کویتی چوک پر فائرنگ سے متعدد فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے رفح اور خان یونس پر حملوں میں 25 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔اقوامِ متحدہ کے امدادی ادارے برائے فلسطینی انروا کے سربراہ کا جنرل اسمبلی میں اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ غزہ میں صرف 150 دن میں 30 ہزار سے زائد فلسطینیوں کی زندگیاں چھین لی گئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ پر انسانوں کا مسلط کردہ قحط منڈلا رہا ہے، چند ماہ کے بچے پانی کی کمی اور بھوک سے لقمہ اجل بن رہے ہیں۔دوسری جانب جدہ میں منعقد ہونے والے او آئی سی رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس میں غزہ پر جاری اسرائیلی مظالم سے متعلق صورتحال پر غور کیا گیا۔

جدہ میں ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب، پاکستان، بحرین، فلسطین اور ایران سمیت دیگر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے۔او آئی سی اجلاس میں موجود وزرا نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی، غزہ سے اسرائیلی افواج کا انخلاء اور تمام غیرقانونی اقدامات کا سلسلہ اب رکنا چاہئے۔

جدہ میں ہونے والے اجلاس میں پاکستانی موقف پیش کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب فواد شیر نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی۔پاکستان کے مندوب نے غزہ کے لیے انسانی بنیادوں پر فنڈ فراہمی پر زور دیا، اجلاس میں غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *