اشون عظیم کھلاڑیوں کے کلب میں شامل ہوں گے

[]

حیدرآباد: آر اشون جب انگلینڈ کے خلاف دھرم شالہ میں پانچواں ٹسٹ میچ کھیلیں گے تو وہ ہندوستان کے عظیم کھلاڑیوں کے کلب میں شامل ہوجائیں گے۔

اشون ٹسٹ کرکٹ میں اسپیشل سنچری مکمل کرنے سے ایک میچ دور ہیں۔ ہندوستان کے مایہ ناز آف اسپنر روی چندرن اشون ایک خصوصی کلب میں شامل ہونے جا رہے ہیں۔

جب 7 مارچ 2024 کو دھرم شالہ میں اگر اشون انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹسٹ سیریز کا آخری میچ کھیلیں گے تو وہ ملک کے ان عظیم کھلاڑیوں کے کلب میں شامل ہو جائیں گے جنہوں نے ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کیلئے 100 یا اس سے زیادہ میچ کھیلے ہوں۔

وہ ایسا کرنے والے ملک کے 14ویں کھلاڑی بن جائیں گے۔ اشون سے پہلے سچن ٹنڈولکر، راہول دراویڈ، وی وی ایس لکشمن، انیل کمبلے، کپل دیو، سنیل گواسکر، دلیپ وینگسرکر، سورو گنگولی، ویراٹ کوہلی، ایشانت شرما، ویریندر سہواگ، ہربھجن سنگھ اور چیتشور پجارا نے ملک کیلئے 100 یا اس سے زیادہ ٹسٹ میچ کھیلے ہیں۔

ہندوستان کیلئے 100 ٹسٹ میچ کھیلنے والے پہلے کھلاڑی سنیل گواسکر تھے۔ ان کے بعد کپل دیو اوردلیپ وینگسرکر کا نام آتا ہے۔ ملک کیلئے سب سے زیادہ ٹسٹ میچ کھیلنے کی بات کی جائے تو سچن ٹنڈولکر کا نام سرفہرست آتا ہے۔ وہ صرف ہندوستان ہی نہیں دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے 200 ٹسٹ میچ کھیلے ہیں۔

اشون کی بات کریں تو وہ دنیا کے 76 ویں کھلاڑی ہوں گے جو 100 یا اس سے زیادہ ٹسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔ اشون نے اب تک کھیلے گئے 99 ٹسٹ میچوں میں ہندوستان کیلئے 507 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے ٹسٹ میں 35 مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں اور 8 بار ایک میچ میں 10 یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

انہوں نے 24 مرتبہ چار وکٹیں حاصل کیں۔ ایک بلے باز کے طورپر اشون نے 99 میچوں کی 1400 اننگز میں 5 سنچریوں اور 14 نصف سنچریوں کی مدد سے 3309 رنز بنائے ہیں۔

اشون ملک کیلئے سب سے زیادہ ٹسٹ وکٹیں لینے والے دوسرے بولر ہیں۔ ادھر دوسری جانب اگر جانی بیرسٹو کو موقع ملتا ہے تو وہ بھی دھرم شالہ میں اپنا 100 واں میاچ کھیلیں گے۔ اس دورہ پر جانی بیرسٹو کی فارم خراب رہی ہے۔ انہوں نے ابھی تک کھیلے گئے چاروں ٹسٹ میاچس کی 8 اننگز میں ایک بھی نصف سنچری اسکور نہیں کی۔ تاہم کپتان بین اسٹوکس اور کوچ میکلم ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں موقع دے رہے ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *