[]
ممبئی: مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی اشوک چوان نے کانگریس چھوڑ دی ہے۔آج سیاسی ذرائع نے اس کی تصدیق کی ہے اور مزید کہا کہ ان کے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر وہ بی جے پی میں شامل ہوتے ہیں، تو یہ ایک ماہ میں کانگریس کے لیے تیسرا بڑا دھچکا ہوگا اس سے قبل جب پارٹی کے ایک اور لیڈر ملند دیورا اور پھر باباضیاالدین صدیقی نے اپنی پارٹی کو خیرباد کہہ کر بالترتیب بھگوا پارٹی شیوسینا شندے گروپ اور این سی پی (اجیت پوار) میں شمولیت اختیار کی تھی۔ دیورا کا خاندان پانچ دہائیوں سے کانگریس سے وابستہ رہاہے اور ان کے والد مرلی ڈیورا ان قد آور رہنماؤں میں سے ایک تھے۔
اشوک چوان خود مہاراشٹر کے وزیراعلی رہ چکے ہیں،جبکہ ان کے والد شنکرراو چوان مہاراشٹر کے متعدد بار وزیراعلی رہے اور ملک کے وزیر داخلہ بھی تھے جن کے عہد میں 6دسمبر 2992 کو بابری مسجد شہید کی گئی تھی۔
اشوک چوان دسمبر 2008 میں ولاس راؤ دیشمکھ کے بعد مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہوئے تھے ،لیکن آدرش ہاؤسنگ اسکینڈل کے نتیجے میں نومبر 2010 میں استعفیٰ دینے پر مجبور ہو گئے تھے۔ وہ 2014 سے 2019 تک مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی (ایم پی سی سی ) کے صدر رہے۔
واضح رہے کہ ناندیڑ سے وہی کانگریس کے واحد ایم پی جیتے ہیں۔