[]
نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی کے اس بڑے اعلان کے بعد کہ بی جے پی کے سینئر رہنما لال کرشن اڈوانی کو ملک کے اعلیٰ تین شہری اعزاز بھارت رتن سے نوازا جائے گا، بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) ایم ایل سی کلواکنٹلا کویتا نے مبارکباد دیتے ہوئے مرکزی حکومت پر درپردہ طنز بھی کیا۔
ہفتہ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے بی آر ایس لیڈر کویتا نے کہا کہ بی جے پی کے تجربہ کار لیڈر ایل کے اڈوانی کو ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازنے کا اعلان دراصل ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح کے بعد پارٹی ایجنڈے کی تکمیل کی نشاندہی کرتا ہے۔
کویتا نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ رام مندر آخرکار تعمیر ہوئی اور اس کے ساتھ ہی اڈوانی جی کو بھی بھارت رتن سے نوازا جارہا ہے۔ دراصل یہ بی جے پی کے ایجنڈے کی تکمیل کی نشاندہی کرتا ہے۔
محترمہ کویتا نے مزید کہا کہ میں لال کرشن اڈوانی کو ملک کے اعلیٰ ترین (شہری) اعزاز کے لیے منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دینا چاہوں گی۔
قبل ازیں دن میں وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشیل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ بی جے پی کے سینئر رہنما ایل کے اڈوانی کو ملک کے سب سے بڑے شہری اعزاز بھارت رتن سے نوازا جائے گا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پی ایم مودی نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی میں سابق مرکزی وزیر کا تعاون یادگار ہے۔