[]
حیدرآباد: بی آرایس کے کارگزار صدر کے ٹی راماراؤ نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی مفاہمت پر مبنی سیاست کررہے ہیں۔ آج تلنگانہ بھون میں حلقہ پارلیمنٹ محبوب نگر کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری بنڈی سنجے نے یہ کہا تھا کہ کانگریس اور بی جے پی کو ہاتھ ملاکربی آرایس کی شکست کیلئے کام کرناچاہئیے۔
کے ٹی راماراؤ نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل ریونت ریڈی نے کہاتھا کہ اڈانی کی دولت‘ وزیراعظم مودی اور بی جے پی کو جائے گی۔ اب ڈاؤس میں ریونت ریڈی اور اڈانی گلے ملتے دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس موقع پرستی کی سیاست کررہی ہے۔
جب اقتدار میں نہیں تھی‘اس وقت اڈانی کو ملک کا دشمن بتایاگیا۔ اب اسی اڈانی کے ساتھ معاہدے کئے جارہے ہیں۔ بی جے پی کی ہدایت پر ہی ریونت ریڈی اور اڈانی پر ساتھ مل کر کام کرنے کا سنسنی خیز الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں مکمل یقین ہے کہ صرف چھ مہینوں میں ک انگریس حکومت کو عوام کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کانگریس پارٹی پرپالمورو۔رنگاریڈی لفٹ اریگیشن پروجیکٹ کو قومی درجہ دلانے میں ناکام ہوجانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی آرایس حکومت کے فلاحی اور ترقیاتی کاموں کو عوام موثرانداز میں بنانے میں ناکامی پر ہی اسمبلی انتخابات میں ہماری شکت کی وجہ بنی ہے۔
اب ہم اپنی غلطیوں کا جائزہ لتے ہوئے لوک سبھا انتخابات کا موثرانداز میں سامنا کرنے تیار ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ پارٹی میں ہرسطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔
کارکنوں سے صلح مشورہ کرنے کے بعد پروگرامس کو قطعیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں شکست‘وجود پر سوال نہیں ہے اور نہ ہم شکست سے مایوس ہیں ہم دوبارہ شدت سے ابھریں گے اور عوام کا حقیقی نمائندہ جماعت ہونے کا ثبوت دیں گے۔