[]
حیدرآباد: وزیراعلی تلنگانہ ریونت ریڈی نے آج سوئٹزرلینڈ کے ڈاوس میں ورلڈ اکنامک فورم میں اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر تلنگانہ میں 12,400 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے لیے 4 یادداشت مفاہمتوں پر اڈانی گروپ نے ریاستی حکومت کے ساتھ دستخط کئے۔
یہ سرمایہ کاری آئندہ چند سالوں میں تلنگانہ میں کی جائے گی۔ اڈانی گرین انرجی تلنگانہ میں 1350 میگاواٹ صلاحیت کے دو پمپڈ اسٹوریج پروجیکٹس کے قیام کے لیے 5,000 کروڑ کی سرمایہ کاری کرے گی۔اڈانی کنکس ڈاٹا سنٹرز چندن ویلی میں 100 میگاواٹ کی صلاحیت کے ساتھ قائم کیا جائے گا۔
جس کے لئے 5,000 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ امبوجا سمنٹ لمیٹڈ تلنگانہ میں 6.0 ایم ٹی پی اے کی صلاحیت کے ساتھ سمنٹ گرائنڈنگ یونٹ میں 1,400 کروڑ کی سرمایہ کاری کرے گا۔ اڈانی ایرو اسپیس اینڈ ڈیفنس اڈانی ایرو اسپیس اینڈ ڈیفنس پارک میں کاؤنٹر ڈرون سسٹم اور میزائل ڈیولپمنٹ اور مینوفیکچرنگ سنٹرس میں 1,000 کروڑ کی سرمایہ کاری کرے گا۔
ریونت ریڈی نے اڈانی کو یقین دلایا ہے کہ ریاستی حکومت پراجکٹس کے لیے مطلوبہ سہولیات، بنیادی ڈھانچہ اور تعاون فراہم کرے گی۔ گوتم اڈانی، چیرمین، اڈانی گروپ نے کہا کہ تلنگانہ میں نئی حکومت انتہائی سرمایہ کار دوست ہے اور نئی منصوبہ بند پالیسیوں کے ساتھ، مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنا چاہتی ہے۔ اڈانی گروپ تلنگانہ میں تیز رفتاری سے ترقی کرتا رہے گا۔