سنکرانتی تہوار، ہزاروں خاندان کی آبائی مقامات پر روانگی

[]

حیدرآباد: سنکرانتی تہوار کے سلسلہ میں ہزاروں خاندانوں کی آبائی مقامات روانگی کے سبب جمعہ کے روز حیدرآباد وجئے واڑہ قومی شاہراہ پر بڑے پیمانے پر ٹرافک جام دیکھی گئی۔ کاریں، بسیں، اور حمل ونقل کی دیگر گاڑیوں کی ٹول پلازوں پر طویل قطار یں دیکھی جارہی ہیں۔

جبکہ حکام نے ہجوم سے نمٹنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے اپنے آبائی مقامات روانہ ہونے والے افراد کا حیدرآباد کے قریب پتنگی ٹول پلازہ پر کافی ہجوم دیکھا گیا۔ جہاں حکام نے مزید10گیٹس کھولے ہیں۔ عہدیداروں نے کہا ہے کہ فاسٹ ٹیاگ کی سہولت سے ٹول پلازہ سے گاڑیوں کی حمل ونقل سہل انداز میں ہورہی ہے۔ ٹول پلازہ سے عام دنوں میں یومیہ 38 ہزار گاڑیاں گزرتی ہیں مگر سنکرانتی تہوار کے موقع پر ان گاڑیوں کی تعداد 70ہزار سے تجاوز کرگئی۔

شہر حیدرآباد کے ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹانڈس مسافرین سے بھرے پڑے ہیں۔ یہ مسافرین، دونوں تلگوریاستوں کے آبائی مقامات جانے کیلئے گاڑیوں کے منتظر ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں تمام اسکولوں کو جمعہ کے روز سے سنکرانتی تعطیلات شروع ہوگئی ہیں۔

 نئی فصل کے موقع پر سنکرانتی تہوار منایا جاتا ہے جو15 جنوری کو مقرر ہے۔ کئی خاندانوں کو اپنے بیاگ اور سامان پیاک کرتے ہوئے اپنے عزیز واقارب اور رشتہ داروں سے ملنے کیلئے آبائی مقامات کو روانہ ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔

مسافرین کے ہجوم سے نمٹنے کیلئے شہر حیدرآباد سے دونوں ریاستوں کے مختلف مقامات پر خصوصی ٹرینیں اور بسیں چلائی جارہی ہیں۔ آئندہ2دنوں میں مسافرین کے ہجوم میں ا ضافہ کا امکان ہے۔ مسافرین کیلئے آر ٹی سی نے ایم جی بی ایس اور جے بی ایس سے خصوصی بسوں کا نظم کیا ہے۔

سنکرانتی تہوار منانے کیلئے ہرسال حیدرآباد اور اس کے قرب وجوار سے تقریباً2ملین افراد، اپنے آبائی مقامات کیلئے رخت سفر باندھتے ہیں۔ ان میں ایک بڑی تعدادساحلی آندھرا اور رائلسیما کے عوام کی رہتی ہے۔

سنکرانتی کے سوا کوئی دوسرا تہوار نہیں ہے، جسے منانے کیلئے بڑی تعداد میں عوام، اپنے آبائی مقامات کا رخ کرتے ہیں۔ تلگوعوام کیلئے سنکرانتی تہوار، آبائی مقامات جانے اور اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔

عوام کی بڑی تعداد جس میں سافٹ وئیر، ہارڈوئیر انجینئرس، سرکاری وخانگی ملازمین طلبہ اور تاجربرادری کے افراد شامل ہیں، آبائی مقام جانے اس موقع کو گنوانا نہیں چاہتی۔ سنکرانتی کی تعطیلات میں طلبہ، بہت زیادہ انجوائے کرتے ہیں۔ وہ، ان تعطیلات میں کھیتوں کو جاتے ہیں پتنگیں لڑاتے ہیں۔ مرغوں کی لڑائی، بل کاٹ ریس کا مشاہدہ کرتے ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *