[]
ماڈل دیویا پاہوجا قتل کیس میں کرائم برانچ کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ بلراج گل کو قتل کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ گروگرام کے اے سی پی کرائم ورون دہیا نے یہ جانکاری دی۔
ہریانہ کے گروگرام میں ماڈل دیویا پاہوجا قتل کیس میں کرائم برانچ کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ دیویا پاہوجا قتل کیس میں بلراج گل کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ہریانہ کرائم برانچ نے بلراج گل کو مغربی بنگال سے گرفتار کیا ہے۔ یہ جانکاری گروگرام کے اے سی پی کرائم ورون دہیا نے دی۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق بلراج گل کو مغربی بنگال کے کولکاتہ سے گرفتار کیا گیا ہے، جس کے بعد انہیں گروگرام لایا جا رہا ہے۔ بلراج گل جو کہ 10 دن پہلے دیویا کی لاش کے ساتھ بی ایم ڈبلیو کار میں فرار ہوا تھا، آخر کار پولیس نے پکڑ لیا۔ بلراج گل پر 50 ہزار روپے کا انعام تھا، اس کے علاوہ گروگرام پولیس نے اس کے بیرون ملک فرار ہونے کے امکان کے پیش نظر ایک دن پہلے ہی اس کے لیے لک آؤٹ سرکلر جاری کیا تھا۔ تاہم، 10 دن گزرنے کے بعد بھی، گروگرام پولیس دیویا پاہوجا کی لاش تلاش کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 3 جنوری 2024 کو تھانہ سیکٹر 14 میں بس اسٹینڈ کے قریب سٹی پوائنٹ ہوٹل میں ایک خاتون کے قتل کی اطلاع ملی تھی۔ پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ یہ انکشاف ہوا کہ دیویا (27) ساکن بلدیو نگر گروگرام کا ہوٹل میں قتل کیا گیا تھا اور لاش کو ٹھکانے لگانے کے لیے باہر کہیں لے جایا گیا تھا۔ متوفی کی بہن کی شکایت پر تھانہ سیکٹر 14 میں مقدمہ درج کیا گیا۔ گروگرام پولیس نے قتل کے اہم ملزم ابھیجیت کو ہیم راج، اوم پرکاش اور میگھا نامی لڑکی کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ مذکورہ دو مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے گروگرام پولیس کی جانب سے مختلف ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ گروگرام پولیس نے ہریانہ پولیس کی جانب سے مذکورہ دو مطلوب افراد کے بارے میں معلومات دینے والے کو 50-50 ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ معلومات دینے والے شخص کا نام اور شناخت صیغہ راز میں رکھی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;