[]
منگلورو: شیموگہ ضلع کے ہوسنگر تعلقہ کی 19سالہ لڑکی کی کیاسنور فاریسٹ ڈیزیز یا بندربخار سے منی پال کے دواخانہ میں موت ہوگئی۔ لڑکی کا تعلق شیموگہ کے ارمنائے کوپا موضع سے ہے۔ اسے 4/ جنوری کو بندر بخار میں مبتلا پائے جانے کے بعد اڈپی ضلع کے منی پال میں کے ایم سی دواخانہ میں شریک کرایا گیا۔
اس سال اس مرض سے موت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔کے ایف ڈی ایک وبائی مرض ہے جو کٹھملوں سے پھیلتا ہے۔26/ دسمبر کو لڑکی انالے کوپا موضع میں چھالیہ توڑنے گئی تھی جس کے بعد اسے بخار آگیا اور علاج کے لیے خانگی دواخانہ میں شریک کرایا گیا۔
اگرچیکہ ابتداء میں اس کی حالت بہتر ہوئی مگر30/ دسمبر کو بگڑگئی جس کے بعد اسے شیموگہ کے میک گین ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ اسے دماغی بخارتھا۔ تاہم 2/ جنوری کو اس کا کے ایف ڈی ٹیسٹ منفی آیا۔ 4/ جنوری کو دوبارہ ٹیسٹ میں مرض کی تصدیق ہوئی اور اسے کے ایم سی دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں پیر کو اس کی موت ہوگئی۔