نتیش کمار‘ انڈیا بلاک میں نشستوں کی جلد تقسیم کے خواہاں تھے

[]

پٹنہ: چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے انڈیا بلاک میں نشستوں کی جلد تقسیم چاہی تھی تاکہ لوک سبھا الیکشن کی مہم گاندھی جینتی پر شروع ہوجائے۔ جنتادل یو سربراہ کے ایک قریبی ساتھی نے جمعہ کے دن پٹنہ میں یہ دعویٰ کیا۔

جنتادل یو کے قومی جنرل سکریٹری سنجے کمار جھا نے جو نتیش کمار کے ساتھ انڈیا بلاک کی میٹنگس میں شرکت کرچکے ہیں دکھ ظاہر کیا کہ قیمتی وقت ضائع ہوگیا لیکن انہوں نے امید ظاہر کی کہ نشستوں کی تقسیم جاریہ ماہ کے اواخر تک قطعیت پاجائے گی۔

انہوں نے پٹنہ میں جنتادل یو کے دفتر میں میڈیا سے کہا کہ نشستوں کی تقسیم میں کافی تاخیر ہوئی ہے۔ چیف منسٹر بہار چاہتے تھے کہ گزشتہ برس 2  اکتوبر سے انتخابی مہم شروع ہوجائے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ بی جے پی سے ٹکر لینے انڈیا بلاک کو بھگوا جماعت کے برابر رفتار بڑھانی ہوگی لیکن ایسا نہ ہوسکا شاید اس کی وجہ یہ رہی کہ کانگریس 5 ریاستوں کے اسمبلی الیکشن میں مصروف تھی۔

سنجے کمار جھا نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ انڈیا بلاک حلیف کم ازکم اب تو نتیش بابو کی بات مان لیں گے اور 31 جنوری تک نشستوں کی تقسیم مکمل کرلیں گے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *