[]
شدید دھند کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ان دنوں شمالی ہندوستان میں دھند اور سردی کی لہر دیکھی جارہی ہے۔
شمالی ہندوستان کی ریاستوں میں اس وقت شدید سردی ہے۔ شدید سردی کے ساتھ ساتھ گھنی دھند بھی دیکھی جارہی ہے۔ جس کی وجہ سے درجنوں ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں۔ دہلی-این سی آر میں بھی سردی کی سختی دیکھی جارہی ہے۔ شدید دھند کے باعث ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دہلی میں دھند کی وجہ سے ٹرین سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔ ہندوستانی ریلوے نے یہ اطلاع منگل (2 جنوری) کو دی۔
ہندوستانی ریلوے نے کہا کہ دہلی میں گھنے دھند کی وجہ سے کئی ٹرینوں کی خدمات متاثر ہوئی ہیں۔ قومی راجدھانی میں کم از کم 26 ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں۔ اس میں ملک کی چاروں سمتوں میں جانے والی ٹرینیں شامل ہیں۔ کچھ ٹرینیں ایک یا دو گھنٹے کی تاخیر سے چل رہی ہیں جبکہ کچھ پانچ سے چھ گھنٹے کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔ جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
سردی کی وجہ سے نہ صرف لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے بلکہ ہوا کے بگڑتے معیار نے بھی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ 2 جنوری کو دارالحکومت دہلی میں ہوا کا معیار ‘انتہائی خراب’ زمرے میں ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (CPCB) کے اعداد و شمار کے مطابق، دہلی میں صبح 6.30 بجے ہوا کے معیار کا انڈیکس 346 پر تھا۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی ‘ پر شائع خبر کے مطابق ہندوستانی محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے جنوری میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے بتایا کہ جنوری میں ملک کے وسطی علاقوں میں ’کولڈ ڈے‘ یعنی سردی کا دن ہونے والا ہے، جس کا مطلب ہے کہ درجہ حرارت 10 ڈگری سے نیچے رہے گا۔ انہوں نے شمال مغربی اور مشرقی ہندوستان میں 4 جنوری تک گھنے دھند کی پیشن گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ، اتراکھنڈ، راجستھان، ہماچل پردیش، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، شمال مشرقی ہندوستان میں گھنی دھند پڑنے والی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;