[]
حیدرآباد: آئی پی ایل 2024 کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی گذشتہ روز دبئی میں ہوئی۔ یہ پہلا موقع تھا جب آئی پی ایل کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی ملک سے باہر ہوئی۔
اس مرتبہ نیلامی کیلئے فہرست میں 333 کھلاڑیوں کے نام رکھے گئے تھے لیکن ان میں سے صرف 77 کھلاڑی ہی خریدے جاسکتے تھے۔ نیلامی میں ونڈے چمپئن آسٹریلیا کے کھلاڑیوں نے بازی مارتے ہوئے سب سے بڑی رقم حاصل کی۔
لیفٹ آرم فاسٹ بولر مچل اسٹارک کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 24.75 کروڑ روپے میں خریدا جبکہ سن رائزرس حیدرآباد نے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنس کیلئے 20.50 کروڑ روپے خرچ کئے۔ ان بین الاقومی کھلاڑیوں کے درمیان ہندوستان کے بعض ایسے بھی نوجوان کھلاڑی سامنے آئے جنہوں نے نیلامی میں توقعات سے کہیں زیادہ رقم حاصل کی۔
ان سب میں اترپردیش سے تعلق رکھنے والے سمیر رضوی آگے رہے۔ سمیر رضوی پہلی مرتبہ نیلامی میں شامل ہوئے جن کی بنیادی قیمت صرف 20 لاکھ روپے تھے۔ دفاعی چمپئن چینائی سوپر کنگز (سی ایس کے) نے انہیں 8.40 کروڑ روپیوں میں حاصل کیا۔ اسی طرح ایک اور پاور ہٹر شاہ رخ خان نے بھی اپنی بنیادی قیمت سے کہیں بڑھ کر رقم حاصل کی۔
شاہ رخ خان کی بنیادی قیمت 40 لاکھ روپے تھی تاہم گجرات ٹائٹنس نے انہیں 7.4 کروڑ میں حاصل کیا۔ گجرات کے سابق کپتان ہاردیک پانڈیا ممبئی منتقل ہوچکے ہیں۔
ایسے میں گجرات کو ایک پاور ہٹر کی ضرورت تھی ایسے میں ممبئی انتظامیہ نے شاہ رخ حان کو اس کیلئے مناسب سمجھتے ہوئے ان پر بھاری سرمایہ کاری کردی۔ ایک اور نوجوان کھلاڑی ارشد خان بھی فرنچائز کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
ارشد خان بڑی رقم تو حاصل نہیں کرپائے تاہم وہ اپنی بنیادی قیمت 20 لاکھ روپیوں میں لکھنو سوپر جائنٹس میں شامل ہوئے۔ عابد مشتاق بھی اپنی بنیادی قیمت 20 لاکھ روپیوں میں راجستھان رائیلس کیلئے کھیلیں گے۔ عابد مشتاق کا گھریلو کرکٹ میں شاندار ریکارڈ رہاہے۔