[]
نئی دہلی: انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس(انڈیا) اتحاد کی چوتھی میٹنگ میں سماج وادی پارٹی نے کانگریس سے کہا کہ اترپردیش میں بہوجن سماج پارٹی کو نظراندازکیا جائے۔ ذرائع کے بموجب سماج وادی پارٹی قائد رام گوپال ورما نے منگل کے دن میٹنگ میں کانگریس پر واضح کردیا کہ وہ ریاست میں اس کے ساتھ اتحاد کے لئے تیار ہے۔
تاہم سماج وادی پارٹی قائدین نے کانگریس قائدین سے کہہ دیا کہ وہ یوپی میں بی ایس پی کو انڈیا بلاک میں دیکھنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کانگریس سے پوچھا کہ آیا وہ اتحاد کے لئے بی ایس پی سے بات چیت کررہی ہے۔
سماج وادی پارٹی قائدین کے پوچھنے پر کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے انہیں تیقن دیا کہ ان کی پارٹی یوپی میں سماج وادی پارٹی اور آر ایل ڈی کے ساتھ مل کر الیکشن لڑے گی۔
کھرگے نے یہ بھی کہا کہ میڈیا میں کئی باتیں آئی ہیں جن پر یقین کرنے کی ضرورت نہیں۔ پی ٹی آئی کے بموجب سینئر کانگریس قائد غلام احمد میر نے کہا کہ انڈیا بلاک جماعتوں میں نشستوں کی تقسیم آسانی سے ہوجائے گی۔ ہر حلقہ میں بی جے پی کے خلاف اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار ہوگا۔