500 روپے گیاس سلنڈر اسکیم پر 100 دن میں عمل آوری:اتم کمارریڈی

[]

حیدر آباد: وزیر آبپاشی، فوڈ اینڈ سیول سپلائز این اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 500 روپے میں گیاس سلنڈر گارینٹی اسکیم کو اندرون 100 یوم روبہ عمل لایا جائے گا۔ اتم کمار ریڈی آج سیول سپلائز بھون ارم منزل میں اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

 اتم کمار ریڈی نے کہا کہ انتخابات کے دوران کانگریس پارٹی 6 گارینٹی اسکیمات کو اندرون 100 یوم روبہ عمل لانے کا وعدہ کیا تھا جن 500 روپے میں گیاس سلنڈر اور دھان کی فصل پر کسانوں کو فی کنٹل 500 روپے بونس کی اجرائی کا بھی وعدہ شامل تھا۔

 اتم کمار ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ عوامی نظام تقسیم کے تحت 2.9 کروڑ غریب عوام میں مفت چاول کی تقسیم کی اسکیم میں شفافیت کے ساتھ کام کریں اور اس بات کا جائزہ لیں کے پی ڈی ایس سسٹم کے ذریعہ مفت تقسیم کئے جانے والے چاول سے عوام استفادہ کررہے ہیں یا نہیں یا اس کا غلط استعمال ہورہا ہے۔

 اس بات کا عہدیداران اچانک چیکنگ کرتے ہوئے جائزہ لینا چاہیے۔ ورنہ مفت چاول کی تقسیم کا مقصد ختم ہوجائے گا۔ نئے راشن کارڈس کی تقسیم سے متعلق اتم کمار ریڈی نے کہا کہ فی الفور ریاست میں 89 لاکھ 98 ہزار 564 تلنگانہ فوڈ سیکوریٹی کارڈس تلنگانہ بھر میں قابل عمل ہیں اور 11.02 لاکھ نئی درخواستیں زیر التواء ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں 6 لاکھ 47 ہزار 479 کارڈ ہولڈرس کو ماہانہ 6 کیلو مفت چاول سربراہ کئے جارہے ہیں۔ 6 کیلو چاول مرکزی حکومت کی پردھان منتری غریب کلیان انایوجنا کے تحت اور ایک کیلو چاول ریاستی حکومت کی جانب سے فراہم کئے جارہے ہیں۔

 انہوں نے بتایا کہ تقریباً 11 فیصد لوگ اپنے راشن کارڈ کا استعمال نہیں کررہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ریاستی کابینہ میں غور کرنے کے بعد نئے راشن کارڈس کی اجرائی کا فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے اس بات کا انکشاف کیا کہ مرکزی حکومت فی کیلو چاول پر 39.02 روپے فراہم کررہی ہے لیکن ناقص چاول کی وجہ سے لوگ اس کا استعمال نہیں کررہے ہیں اور چاول کے ڈیلرس کو فروخت کررہے ہیں جس کی وجہ سے مفت چاول کی سربراہی کا مقصد ختم ہورہا ہے۔

اتم کمار ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ راشن شاپس کو سربراہ کئے جانے والے چاول کا گہرائی سے جائزہ لیں اور معیاری چاول کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ ریاستی وزیر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سیول سپلائز کارپوریشن میں ہونے والی بے قاعدگیوں کا پتہ لگائیں۔ بالخصوص آئی کے پی سنٹرس انتظامیہ میں جائزہ لیں۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس حکومت کے دور میں کارپوریشن کو نظر انداز کردیا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *