بھارت سڑک حادثات میں کمی لانے میں ناکام

[]

ایک رپورٹ کے مطابق 2021ء کے مقابلے میں پچھلے سال بھارت میں روڈ حادثات میں 12 فیصد اور ان سے ہونے والی اموات میں 9.4 فیصد کا اضافہ ہوا۔

بھارت سڑک حادثات میں کمی لانے میں ناکام
بھارت سڑک حادثات میں کمی لانے میں ناکام
user

Dw

بھارت میں تقریباً ہر ساڑھے تین منٹ بعد ایک شخص سڑک حادثے میں ہلاک ہوتا ہے۔ بھارت کی روڈ حادثات سے متعلق تازہ ترین رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وہاں اوسطاً ‌ہر روز 1,264 سڑک حادثے ہوتے ہیں اور ان میں 462 ہلاکتیں ہوتی ہیں۔ یعنی وہاں ہر ایک گھنٹے میں 53 روڈ حادثے اور ان کے باعث 19 ہلاکتیں ہوتی ہیں۔

اس رپورٹ میں دیے گئے اعداد و شمار کے مطابق پچھلے سال وہاں تقریباً ساڑھے چار لاکھ سڑک حادثے اور ان کے سبب ڈیڑھ لاکھ سے زائد اموات ہوئیں۔ یہ رپورٹ اکتوبر میں جاری کی گئی تھی اور اس موقع پر بھارتی وزیر برائے ٹرانسپورٹ نتن گڈ کری نے ملک میں روڈ حادثوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا، “یہ بڑی تشویش کی بات ہے کہ حکومت کی مسلسل کوششوں اور (سڑک حادثوں میں ہونے والی) ہلاکتوں کی تعداد کو نصف کرنے کے ہمارے پختہ ارادے کے باوجود اس سلسلے میں ہم کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں کر پائے ہیں۔”

اس رپورٹ کے مطابق 2021ء کے مقابلے میں پچھلے سال بھارت میں روڈ حادثات کی تعداد میں 12 فیصد اور ان سے ہونے والی اموات میں 9.4 فیصد کا اضافہ ہوا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پچھلے سال بھارت میں 72 فیصد سڑک حادثے تیز رفتار ڈرائیونگ کی وجہ سے ہوئے۔ ان حادثات کی دوسری بڑی وجہ سڑک کی غلط سمت گاڑی چلانا تھی جبکہ نشے میں گاڑی چلانا اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال بھی ان حادثات کا باعث بنا۔

روڈ سیفٹی پر کام کرنے والی بھارتی تنظیم ‘سیو لائف فاؤنڈیشن’ کے پیوش تیواری کا اس بارے میں کہنا ہے کہ بھارتی ریاستوں کو اب روڈ سیفٹی سے متعلق ایسی حکمت عملی ترتیب دینے اور ان پر عمل کرنے کی ضرورت ہے جن سے اس مسئلے کے حوالے سے ان کی سنجیدگی ظاہر ہو۔ بھارت اسٹاک ہوم ڈیکلریشن 2020 کا ایک دستخط کنندہ بھی ہے، جس کا مقصد ٹریفک حادثات میں ہونے والی اموات میں 2030ء تک پچاس فیصد تک کمی لانا ہے۔

لیکن اکتوبر میں جاری کی جانے والی رپورٹ اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ بھارت کو یہ ہدف حاصل کرنے میں ابھی وقت لگے گا۔ انڈین روڈ سیفٹی کیمپین سے وابستہ دیپانشو گپتا کا اس حوالے سے کہنا ہے، “اس وقت ہم اس ہدف سے بہت دور ہیں اور بد قسمتی سے پچھلے سال روڈ حادثات اور ان سے ہونے والی اموات میں کمی کی بجائے اضافہ دیکھا گیا۔” وہ کہتے ہیں کہ جب تک روڈ سیفٹی سے متعلق ہدایات اور قوانین کے نفاذ کی پالیسی میں تبدیلی نہیں لائی جائے گی، بھارت اس ہدف کو حاصل کرنے سے بہت دور رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


;



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *